بدھ , جون 10 2026

کوئٹہ کسٹمز ویئر ہاؤس میں خوفناک آگ

حالیہ دنوں چاندی اسکینڈل کے بعد آڈٹ اور اسٹاک ٹیکنگ کا عمل جاری تھا

بلوچستان کے علاقے لک پاس میں واقع پاکستان کسٹمز کے ویئر ہاؤس میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں کم از کم 37 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے جبکہ اربوں روپے مالیت کا سامان، گاڑیاں اور دیگر قیمتی اشیا جل کر خاکستر ہوگئیں۔ واقعے کے دوران ایل پی جی باوزرز اور گیس سلنڈرز میں پے در پے دھماکوں سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق اتوار کی صبح تقریباً 11 بجے ویئر ہاؤس میں اچانک آگ بھڑکی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے گودام کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کے بلند شعلے دور دور تک دکھائی دیتے رہے جبکہ دھماکوں کی آوازیں کئی کلومیٹر تک سنی گئیں۔

واقعے کے بعد کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا جبکہ امدادی کارروائیوں کے لیے فائر بریگیڈ، ریسکیو ٹیموں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری طلب کرلیا گیا۔ کوئٹہ کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور ڈاکٹرز و طبی عملے کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔

زخمیوں کو ابتدائی طور پر شیخ زید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد شدید زخمیوں کو سول اسپتال کوئٹہ اور بی ایم سی برن یونٹ منتقل کردیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کسٹمز ویئر ہاؤس میں حالیہ دنوں چاندی اسکینڈل کے بعد آڈٹ اور اسٹاک ٹیکنگ کا عمل جاری تھا، جس کے دوران اربوں روپے مالیت کے سامان میں مبینہ فرق سامنے آیا تھا۔ ذرائع نے دعویٰ کیا کہ پکڑا گیا سامان ویئر ہاؤس سے غائب پایا گیا، جبکہ بعض حلقوں میں یہ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ بے ضابطگیوں اور آڈٹ میں انکشافات کے خوف سے آگ لگنے کے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

تاحال حکام کی جانب سے آگ لگنے کی اصل وجہ کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی، تاہم کسٹمز، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ تحقیقات شروع کردی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ نقصانات اور واقعے کے محرکات کا مکمل اندازہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی لگایا جا سکے گا۔

About Aftab Ahmed

Check Also

سی ڈی اے کا تین نئی ایجنسیوں کے قیام کا فیصلہ

کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (CDA) کے بورڈ نے پیر کے روز اسلام آباد میں شہری خدمات …