
خیبر پختون خوا کے خیبر گرلز میڈیکل کالج کی طالبہ قندیل مرتضیٰ کی 17 گولڈ میڈلز حاصل کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جہاں صارفین ان کی شاندار کامیابی کو بے حد سراہ رہے ہیں۔
خیبر گرلز میڈیکل کالج پشاور کی کانووکیشن تقریب میں قندیل مرتضیٰ نے غیر معمولی تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 17 گولڈ میڈلز اپنے نام کیے اور ادارے کی تاریخ میں منفرد اعزاز حاصل کر لیا۔
قندیل مرتضیٰ کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور سے ہے اور وہ ایک ٹیلر ماسٹر کی بیٹی ہیں۔ محدود وسائل کے باوجود ان کی مسلسل محنت، لگن اور تعلیمی قابلیت نے انہیں یہ نمایاں مقام دلایا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی تقریب کے دوران قندیل مرتضیٰ کا نام پکارا گیا تو ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔ شرکاء نے کھڑے ہو کر ان کا استقبال کیا جبکہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے انہیں ایک ایک کرکے گولڈ میڈلز پہنائے۔
تقریب کے دوران قندیل مرتضیٰ کے والدین کو بھی اسٹیج پر مدعو کیا گیا، جہاں جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے۔ حاضرین نے طالبہ کے ساتھ ساتھ ان کے والدین کی جدوجہد اور قربانیوں کو بھی بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔
کانووکیشن میں مقدس نے 10 گولڈ میڈلز حاصل کر کے دوسری جبکہ سبین نے 7 گولڈ میڈلز حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ کالج انتظامیہ نے طالبات کی اس کامیابی کو ادارے کے لیے اعزاز قرار دیا۔
سوشل میڈیا صارفین قندیل مرتضیٰ کی کامیابی کو نوجوانوں، خصوصاً طالبات کے لیے ایک مثال قرار دے رہے ہیں۔ متعدد صارفین نے کہا کہ قندیل نے ثابت کر دیا کہ محنت، عزم اور مستقل مزاجی کے ذریعے ہر مشکل کو شکست دی جا سکتی ہے۔
UrduLead UrduLead