بدھ , مئی 13 2026

کنزا ہاشمی-علی رضا کے تعلق کی حقیقت

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار کنزا ہاشمی اور علی رضا نے پہلی بار اپنے تعلق سے متعلق خبروں پر کھل کر بات کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دونوں کے درمیان صرف دوستی ہے، تاہم ماضی میں ان کے درمیان غلط فہمیاں بھی رہ چکی ہیں۔

دونوں فنکار حال ہی میں فوشیا میگزین کو دیے گئے ایک انٹرویو میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے اپنی پہلی ملاقات اور تعلق کی نوعیت سے متعلق دلچسپ انکشافات کیے۔ کنزا ہاشمی نے بتایا کہ ڈرامہ “لیڈر” سے پہلے ہی ان کی علی رضا سے جان پہچان تھی لیکن ابتدائی طور پر دونوں کے درمیان تعلقات خوشگوار نہیں تھے۔

کنزا ہاشمی نے کہا کہ ان کی پہلی ملاقات ایک کمرشل شوٹ کے دوران ہوئی جہاں دونوں الگ الگ کمروں میں تھے لیکن میک اپ ایریا مشترکہ تھا۔ ان کے مطابق وہ میک اپ کے دوران موسیقی سن رہی تھیں کہ اسی دوران علی رضا کمرے میں آئے اور اپنا اسپیکر چلا کر سب سے باتیں کرنے لگے مگر ان سے بات نہیں کی۔

اداکارہ نے ہنستے ہوئے بتایا کہ اس وقت انہوں نے علی رضا کو “اوور اسمارٹ” سمجھ لیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگلے روز ایک سوشل میڈیا ٹرینڈ سے متعلق گفتگو کے دوران علی رضا نے ان کا آئیڈیا پہلے استعمال کرکے ویڈیو پوسٹ کر دی، جس کے بعد ان کی ناراضی مزید بڑھ گئی۔

دوسری جانب علی رضا نے بتایا کہ ان دونوں کے درمیان کئی غلط فہمیاں پروڈکشن ٹیم کی وجہ سے پیدا ہوئیں، کیونکہ بعض لوگ ان کے بارے میں غلط باتیں کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ بعد میں ایئرپورٹ پر ملاقات کے دوران دونوں نے کھل کر گفتگو کی اور تمام غلط فہمیاں دور کر لیں۔

علی رضا کے مطابق اس ملاقات کے بعد دونوں کے درمیان دوستی قائم ہوئی اور پھر وہ ایک دوسرے کے ساتھ اچھے تعلقات میں آ گئے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرامہ “لیڈر” کی شوٹنگ شروع ہونے سے پہلے ہی دونوں کے درمیان بہتر سمجھ بوجھ پیدا ہو چکی تھی۔

کنزا ہاشمی اور علی رضا ان دنوں ہم ٹی وی کے ڈرامہ سیریل “لیڈر” میں اپنی اداکاری کے باعث مداحوں کی توجہ حاصل کیے ہوئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر بھی دونوں کی جوڑی کو پسند کیا جا رہا ہے اور مداح اکثر ان کے تعلق سے متعلق قیاس آرائیاں کرتے رہتے ہیں۔

About Aftab Ahmed

Check Also

مالی خسارہ 9 ماہ میں 856 ارب روپے تک پہنچ گیا

مالی سال 2025-26 کی تیسری سہ ماہی میں پاکستان کی مالی صورتحال شدید دباؤ کا …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے