اتوار , فروری 8 2026

پاکستان کی نیدرلینڈز کو 3 وکٹ سے شکست

ئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد 3 وکٹ سے شکست دے دی۔ 148 رنز کا ہدف قومی ٹیم نے آخری اوور میں حاصل کیا، جہاں فہیم اشرف کی شاندار اور دلیرانہ بیٹنگ نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔

سنہالیز اسپورٹس کلب گراؤنڈ، کولمبو میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ نیدرلینڈز کی ٹیم 19.5 اوورز میں 147 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ڈچ ٹیم کی جانب سے اننگ کا آغاز محتاط رہا، تاہم پاکستانی بولرز نے وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کر کے دباؤ برقرار رکھا۔

نیدرلینڈز کی پہلی وکٹ 28 رنز پر گری جب میکس او ڈاؤڈ 5 رنز بنا کر سلمان مرزا کا شکار بنے۔ دوسری وکٹ 31 رنز پر گری، محمد نواز نے مائیکل لیوٹ کو 24 رنز پر آؤٹ کیا۔ تیسری وکٹ 65 رنز پر اس وقت گری جب ابرار احمد نے کولن اکرمین کو پویلین کی راہ دکھائی۔

بعد ازاں نیدرلینڈز کے بیٹرز نے شراکت قائم کر کے اسکور 105 تک پہنچایا، تاہم محمد نواز نے پارٹنرشپ توڑ کر پاکستان کو ایک اور کامیابی دلائی۔ اس کے بعد پاکستانی فیلڈرز نے شاندار فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے یکے بعد دیگرے کیچز پکڑے اور نیدرلینڈز کی پوری ٹیم کیچ آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد نواز، ابرار احمد اور صائم ایوب نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین شاہ آفریدی کے حصے میں ایک وکٹ آئی، جبکہ شاداب خان 4 اوورز میں 26 رنز دے کر وکٹ حاصل نہ کر سکے۔

ہدف کا تعاقب
پاکستان کی اننگ کا آغاز صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے کیا۔ صائم ایوب نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے ٹیم کو تیز آغاز فراہم کیا، تاہم وہ 13 گیندوں پر 24 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ دوسری وکٹ 53 رنز پر گری جب کپتان سلمان علی آغا 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی تیسری اور چوتھی وکٹ 98 رنز پر گری، صاحبزادہ فرحان 31 گیندوں پر 47 رنز جبکہ عثمان خان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ اگلے ہی اوور میں بابر اعظم 15 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، جس کے بعد میچ ایک بار پھر سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہو گیا۔

نیدرلینڈز کے خلاف پاکستان کی چھٹی اور ساتویں وکٹ 114 رنز پر گری، محمد نواز 6 اور شاداب خان 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ایسے نازک موقع پر فہیم اشرف نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11 گیندوں پر ناقابلِ شکست 29 رنز بنائے اور قومی ٹیم کو آخری اوور میں فتح سے ہمکنار کر دیا۔

پاکستان ٹیم
اس میچ میں پاکستان کی نمائندگی صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سلمان علی آغا، بابر اعظم، عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، سلمان مرزا اور ابرار احمد نے کی۔

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں 20 ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پاکستان گروپ اے میں شامل ہے جہاں اس کے دیگر حریف نامیبیا، نیدرلینڈز اور امریکا ہیں۔ روایتی حریف بھارت کے خلاف کولمبو میں شیڈول میچ پاکستان نے بنگلادیش کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے طور پر کھیلنے سے انکار کر رکھا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان نے 2009 میں یونس خان کی قیادت میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتا تھا، جبکہ 2007 کے پہلے ایڈیشن میں رنر اپ رہا۔ 2022 کے ورلڈ کپ میں بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان کو فائنل میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

About Aftab Ahmed

Check Also

پیٹرولیم لیوی کی 823 ارب کی ریکارڈ وصولی

وفاقی وزارت خزانہ کی تازہ ترین دستاویزات سے انکشاف ہوا ہے کہ شہریوں پر پیٹرولیم …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے