منگل , فروری 3 2026

پشاور پر دو ٹھیکیداروں کا راج: مبینہ آڈیو لیک

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ضلع پشاور صدر عرفان سلیم سے منسوب ایک مبینہ آڈیو لیک سوشل میڈیا اور نیوز چینلز پر وائرل ہو گئی ہے، جس میں پشاور کے ترقیاتی فنڈز، ٹھیکیداروں کے غلبے اور بلدیاتی نظام کی ناکامی کے بارے میں سنگین دعوے کیے گئے ہیں۔

مبینہ آڈیو میں عرفان سلیم کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ پشاور میں ترقیاتی کاموں پر صرف دو ٹھیکیداروں کا راج ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ایک ارب 70 کروڑ روپے کے فنڈز بغیر کسی ٹینڈر کے، این آئی ٹیز اور کیپرا کے ریکارڈ میں لائے بغیر نکالے گئے ہیں۔

آڈیو میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ بلدیاتی نمائندوں کو نہ تو سابق حکومت کے دور میں فنڈز ملے اور نہ ہی موجودہ حکومت میں وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں، جس کی وجہ سے بلدیاتی نظام مؤثر طور پر کام نہیں کر سکا۔

آڈیو میں عرفان سلیم کارکنوں کو اس معاملے پر بات چیت کرنے، آواز اٹھانے اور اسے عوامی سطح پر اجاگر کرنے کی ہدایت بھی دیتے نظر آتے ہیں۔ یہ آڈیو پی ٹی آئی کے اندرونی مسائل اور صوبائی حکومت کے ترقیاتی کاموں پر سوالات اٹھانے کا باعث بن رہی ہے۔

دوسری جانب جب آج نیوز نے عرفان سلیم سے رابطہ کیا تو انہوں نے مبینہ آڈیو سے مکمل لاعلمی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آڈیو ان کی آواز ہے یا نہیں، اس بارے میں وہ کچھ نہیں جانتے اور اس کی تصدیق نہیں کر سکتے۔

واضح رہے کہ اس مبینہ آڈیو کی آزاد ذرائع سے ابھی تک تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ سیاسی حلقوں میں اسے پی ٹی آئی کی اندرونی تنقید یا ممکنہ سیاسی ہتھکنڈے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

یہ واقعہ خیبر پختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں، فنڈز کی تقسیم اور بلدیاتی نظام کی کارکردگی پر نئی بحث چھیڑ سکتا ہے، جہاں عوامی سطح پر شفافیت اور احتساب کے مطالبات پہلے سے موجود ہیں۔

پی ٹی آئی اور صوبائی حکومت کی جانب سے اس معاملے پر اب تک کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

مستقل سربراہان کی عدم تقرری سے شدید انتظامی بحران

وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی ذیلی ادارے طویل عرصے سے عارضی بنیادوں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے