
ترک تاریخی ڈرامہ سیریز کورولوش اورحان کے تازہ ایپی سوڈز میں سلطان اورحان غازی ایک بار پھر مرکزی کردار بن کر ابھرے ہیں، جہاں ان کی جرات مندانہ قیادت اور فیصلہ کن اقدام نے کہانی کو نیا رخ دے دیا ہے۔
ایپی سوڈ 13 کے جاری کردہ دھماکہ خیز ٹریلر اور کلپس میں مغولی و ایلخانی نمائندے تیمور تاش کی دھمکیاں سلطان اورحان کی للکار کے سامنے بے وزن دکھائی دیتی ہیں۔ ٹریلر کے ایک اہم منظر میں تیمور تاش کے ایلچی کو سلطان اورحان سخت الفاظ میں جواب دیتے ہیں کہ تیمور تاش کا حکم عثمانی سرزمین پر کوئی حیثیت نہیں رکھتا۔ اسی لمحے ایلچی کا سر قلم کر کے اورحان غازی ایلخانیوں کے خلاف کھلی جنگ کا اعلان کرتے ہیں۔
یہ منظر ناظرین میں شدید جوش اور ولولہ پیدا کر رہا ہے۔ سلطان اورحان واضح الفاظ میں اعلان کرتے ہیں کہ غلامی کا دور ختم ہو چکا ہے اور عثمانی ریاست اب آزادانہ طور پر اپنے فیصلے خود کرے گی۔ اس جرات مندانہ موقف نے سیریز کے مداحوں کو خاصا متاثر کیا ہے۔
کورولوش اورحان دراصل مقبول سیریز کورولوش عثمان کا براہ راست سیکوئل ہے، جو عثمان غازی کے بعد ان کے صاحبزادے اورحان غازی کی زندگی، بورصہ کی فتح اور عثمانی ریاست کی مضبوط بنیادوں پر مرکوز ہے۔ حالیہ اقساط میں تیمور تاش، جو ایلخانی سلطنت کا ایک طاقتور گورنر یا بیگلربیگ بتایا جاتا ہے، عثمانی حدود پر دباؤ بڑھاتا نظر آتا ہے، تاہم اورحان غازی کی حکمت عملی اور عسکری قوت اس کے عزائم کو ناکام بنا دیتی ہے۔
ٹریلر میں شاندار جنگی مناظر، سیاسی چالیں اور اورحان غازی کی پُراثر انٹری شامل ہے، جہاں وہ اپنے بیٹوں اور قریبی ساتھیوں کے ہمراہ دشمن افواج کا مقابلہ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ یہ مناظر سیریز کو ایک بار پھر تاریخی ایکشن ڈرامہ کے شائقین کے لیے خاص بناتے ہیں۔
ناظرین کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت تاریخی اعتبار سے بھی اہم ہے، کیونکہ اورحان غازی نے اپنے عہد میں مغولی اثر و رسوخ کو محدود کر کے عثمانی ریاست کو استحکام دیا۔ یہی پہلو سیریز کو محض تفریح نہیں بلکہ تاریخ سے جڑی ایک طاقتور کہانی بناتا ہے۔
سوشل میڈیا پر ایپی سوڈ 12 کا ٹریلر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔ پاکستان اور بھارت کے شائقین اردو سب ٹائٹلز کے ساتھ ان مناظر کو دیکھ کر بھرپور داد دے رہے ہیں اور سلطان اورحان کے کردار کو سراہ رہے ہیں۔
سیریز کے پروڈیوسر مہمت بوزداغ کی جانب سے جاری کردہ ٹریلر میں عندیہ دیا گیا ہے کہ آنے والی اقساط میں کراسی سلطنت کی مخالفت، مغولی حملوں اور اورحان غازی کی مزید فتوحات دکھائی جائیں گی۔ کورولوش اورحان ہر بدھ کو نشر کی جاتی ہے اور اردو سب ٹائٹلز کے ساتھ مختلف آن لائن پلیٹ فارمز پر دستیاب ہے۔
UrduLead UrduLead