جمعہ , مئی 1 2026

پی سی بی کو 2 ارب روپے سے زائد ملنے کی توقع

پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز کی فروخت سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے خزانے میں دو ارب روپے سے زائد رقم آنے کا امکان ہے، جس کے لیے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں نے نیلامی سے قبل ہی غیر معمولی دلچسپی ظاہر کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق بعض غیر ملکی پارٹیز نے ابتدائی رابطوں میں دو ارب روپے تک کی پیشکش پر آمادگی ظاہر کی ہے، تاہم حتمی فیصلہ اوپن نیلامی کے عمل کے ذریعے ہوگا۔ دلچسپ پیش رفت یہ ہے کہ ملتان سلطانز کے سابقہ مالکان بھی فرنچائز دوبارہ حاصل کرنے کے خواہاں ہیں۔

یاد رہے کہ اونر اور پی سی بی کے درمیان اختلافات کے باعث ملتان سلطانز کے معاہدے میں توسیع نہیں کی گئی تھی۔ اس صورتحال کے بعد ابتدا میں بورڈ نے رواں برس پی ایس ایل کے 11ویں ایڈیشن میں ٹیم کے معاملات خود چلانے کا اعلان کیا تھا، تاہم بعد ازاں دو نئی ٹیموں کی ریکارڈ قیمت پر فروخت کے بعد حکمت عملی تبدیل کر لی گئی۔

حال ہی میں حیدرآباد کی فرنچائز ایک ارب 75 کروڑ جبکہ سیالکوٹ کی ٹیم ایک ارب 85 کروڑ روپے سالانہ فیس پر فروخت کی گئی، جس کے بعد پی سی بی نے ملتان سلطانز کی نیلامی کا بھی باضابطہ اشتہار جاری کیا۔ ٹیکنیکل بڈز جمع کرانے کی آخری تاریخ آج جمعہ مقرر ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملتان سلطانز کی مضبوط فین فالوونگ، جنوبی پنجاب کی بڑی مارکیٹ اور مسلسل بہتر کارکردگی کے باعث سرمایہ کار خاصے پُرامید ہیں۔ سابقہ مالکان کی واپسی کی خواہش بھی نیلامی کے عمل کو مزید دلچسپ بنا رہی ہے، کیونکہ وہ اس سے قبل نئی ٹیموں کی بڈنگ میں بھی حصہ لے چکے ہیں۔

پی سی بی حکام کو امید ہے کہ نیلامی کے شفاف عمل کے نتیجے میں ملتان سلطانز کی فروخت نہ صرف بورڈ کے مالی وسائل میں اضافہ کرے گی بلکہ پی ایس ایل کی مجموعی برانڈ ویلیو کو بھی مزید مضبوط بنائے گی۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ایف بی آر کو 683 ارب روپے ریونیو شارٹ فال

رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں ٹیکس ہدف حاصل نہ ہو سکا، محصولات …