
ملک بھر کی صرافہ مارکیٹ میں آج سونے اور چاندی کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے نتیجے میں قیمتی دھاتوں کے نرخ نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئے ہیں۔
آل سندھ سرافہ جرنل ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 6 ہزار 500 روپے کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس اضافے کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 5 لاکھ 21 ہزار 162 روپے کی تاریخی بلند ترین سطح پر جا پہنچی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 5 ہزار 573 روپے کا اضافہ ہوا اور یہ اب 4 لاکھ 46 ہزار 812 روپے میں دستیاب ہے۔
عالمی سطح پر بھی سونے کی قیمتوں میں تیزی دیکھی گئی۔ عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 65 ڈالر بڑھ کر 4 ہزار 988 ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں بھی مسلسل اضافہ جاری ہے۔ مقامی مارکیٹ میں چاندی کی فی تولہ قیمت 526 روپے بڑھ کر 10 ہزار 801 روپے ہو گئی، جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 451 روپے کے اضافے کے بعد 9 ہزار 260 روپے تک جا پہنچی ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر معاشی غیر یقینی صورتحال، ڈالر کی قدر میں کمی اور سرمایہ کاروں کی طرف سے محفوظ اثاثوں کی طرف رجحان بڑھنے کی وجہ سے سونے کی قیمتوں میں یہ مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
مقامی مارکیٹ میں بھی اسی رجحان کا اثر نظر آ رہا ہے۔سرمایہ کاروں اور عام لوگوں میں سونے کی خریداری میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جبکہ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں بھی قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری رہ سکتا ہے۔
UrduLead UrduLead