
پنجاب بھر میں شدید سردی اور گھنی دھند کے باوجود ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے اعلان کیا ہے کہ کل سے (13 جنوری 2026 بروز منگل) تمام کالجز اور یونیورسٹیاں معمول کے مطابق کھل جائیں گی اور تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہو جائیں گی۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب نے اپنی آفیشل فیس بک پوسٹ کے ذریعے واضح کیا ہے کہ موسم سرما کی تعطیلات میں توسیع صرف پرائمری، ایلیمنٹری اور سیکنڈری سکولوں کے لیے کی گئی ہے، جبکہ کالجز اور یونیورسٹیوں کے طلبہ و طالبات کے لیے کوئی اضافی چھٹی نہیں دی جائے گی۔
محکمے کے مطابق سردیوں کے دوران کالجز اور انٹرمیڈیٹ کلاسز کے اوقات کار میں تبدیلی کی گئی ہے۔ اب تمام کالجز میں کلاسز صبح 08:45 بجے سے دوپہر 01:45 بجے تک ہوں گی۔ یہ مختصر اوقات طلبہ کو شدید سردی اور دھند سے بچانے کے لیے طے کیے گئے ہیں۔
یہ فیصلہ پنجاب کے مختلف اضلاع بشمول ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، ملتان، سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور دیگر شہروں میں نافذ العمل ہوگا۔محکمہ ہائر ایجوکیشن نے طلبہ، اساتذہ اور عملے سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ اوقات کے مطابق کالجز پہنچیں اور گرم لباس کے ساتھ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
واضح رہے کہ پنجاب کے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے پہلے ہی موسم سرما کی تعطیلات میں توسیع کا اعلان کر کے سکولوں کو 31 جنوری تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا، جبکہ ہائر ایجوکیشن سیکٹر میں تعلیمی سلسلہ جاری رہے گا۔
طلبہ اور والدین کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ تازہ ترین اپ ڈیٹس کے لیے محکمہ ہائر ایجوکیشن کی آفیشل ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پیجز پر نظر رکھیں۔
UrduLead UrduLead