
ملک کے میدانی علاقوں میں شدید سردی اور گھنی دھند کا سلسلہ جاری ہے جس نے روزمرہ زندگی، ٹریفک اور نقل و حمل کو شدید متاثر کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونخوا کے میدانی اضلاع میں درمیانی سے شدید دھند چھائی ہوئی ہے جبکہ حدِ نگاہ متعدد مقامات پر 10 سے 30 میٹر تک محدود ہو گئی ہے۔
اس دھند کی وجہ سے متعدد موٹرویز کو ٹریفک کے لیے مکمل یا جزوی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروی پولیس (این ایچ ایم پی) کی جانب سے جاری تازہ ترین اپ ڈیٹ کے مطابق ایم-1 پشاور سے رشکئی (یا صوابی سے پشاور) تک ٹریفک معطل ہے۔ ایم-2 ٹھوکر نیاز بیگ سے چکری (یا بالکسر) تک، ایم-3 فیض پور سے درخانہ (یا سمندری) تک، ایم-4 پنڈی بھٹیاں سے شیر شاہ (یا فیصل آباد) تک، ایم-5 شیر شاہ سے سکھر (یا روہڑی) تک، ایم-11 لاہور سے سمبڑیال تک اور ایم-14 انجرا سے عیسیٰ خیل تک ٹریفک کے لیے بند ہے
یہ بندش احتیاطی تدابیر کے تحت کی گئی ہے تاکہ کم روشنی میں حادثات سے بچا جا سکے۔ مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور اگر سفر ناگزیر ہو تو فوگ لائٹس استعمال کرنے، سست رفتار سے چلانے اور این ایچ ایم پی کے نمبر 130 پر رابطہ کرنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔ دھند کی شدت کے باعث سیہون سے لاڑکانہ تک کے علاقوں میں حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے۔
اسی طرح سمہ سٹہ کے قریب ایک دلخراش حادثہ پیش آیا جہاں گھنی دھند میں ٹرک کی ایک موٹر سائیکل سے ٹکر ہو گئی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ دو دیگر افراد زخمی ہوئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ دھند کی وجہ سے ایسے حادثات کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کا موسم اور ریکارڈ کم درجہ حرارت
محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سردی پائی گئی۔ تربت میں صرف 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ کم سے کم درجہ حرارت کے ریکارڈ میں شمالی علاقے سرفہرست رہے. لہہ: منفی 14 ڈگری سینٹی گریڈ، اسکردو: منفی 13 ڈگری سینٹی گریڈ، استور اور گوپس: منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ، ہنزہ اور گلگت: منفی 08 ڈگری سینٹی گریڈ، قلات اور بگروٹ: منفی 06 ڈگری سینٹی گریڈ اور دیر: منفی 05 ڈگری سینٹی گریڈ رہا
اگلے چند روز کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق اتوار (12 جنوری) کو بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی برقرار رہے گی۔
پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ خطہ پوٹھوہار اور کشمیر میں صبح کے اوقات میں چند مقامات پر کہرا پڑنے کی توقع ہے۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم کی تازہ ترین معلومات پر نظر رکھیں، گرم لباس پہنیں اور خاص طور پر سڑکوں پر احتیاط برتیں۔ دھند کے اس سلسلے کے اگلے چند دنوں تک جاری رہنے کا امکان ہے جس سے نقل و حمل اور روزمرہ امور مزید متاثر ہو سکتے ہیں۔
UrduLead UrduLead