منگل , جنوری 27 2026

پی ایس ایل 11: حیدرآباد اور سیالکوٹ نئی ٹیمیں

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے لیگ کو چھ سے بڑھا کر آٹھ ٹیموں تک توسیع دے دی گئی ہے۔

اسلام آباد کے جناح کنوینشن سینٹر میں منعقد ہونے والی نیلامی تقریب میں ساتویں ٹیم حیدرآباد ایف کے ایس گروپ نے 175 کروڑ روپے میں خریدی جبکہ آٹھویں ٹیم سیالکوٹ او زی ڈویلپرز نے ریکارڈ 185 کروڑ روپے میں حاصل کر لی۔ دونوں نئی فرنچائزز کی مجموعی مالیت 360 کروڑ روپے بنتی ہے۔

نیلامی کا آغاز پی ایس ایل برانڈ ایمبیسڈر اور عظیم فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے کیا، جنہوں نے ساتویں ٹیم کی بیس پرائز 110 کروڑ روپے مقرر کی۔

شدید مقابلے کے بعد ایف کے ایس گروپ کے مالک فواد سرور نے 175 کروڑ روپے کی بولی لگا کر ٹیم حاصل کی اور اس کا نام حیدرآباد رکھنے کا اعلان کیا۔ فواد سرور نے کہا کہ وہ خود حیدرآباد میں پلے بڑھے ہیں اور ٹیم خریدنے کا عزم رکھتے تھے۔

آٹھویں ٹیم کی نیلامی کی بیس پرائز 170 کروڑ روپے تھی، جو شدید بولی کے بعد او زی ڈویلپرز نے 185 کروڑ روپے میں خرید لی۔ کمپنی کے مالک حمزہ مجید نے ٹیم کا نام سیالکوٹ رکھنے کا فیصلہ کیا۔

تقریب میں پی سی بی چیئرمین محسن نقوی موجود تھے جبکہ پاکستان کے پہلے اسپورٹس چینل جیو سوپر نے نیلامی براہ راست نشر کی۔ ملتان سلطانز کے سابق مالک علی ترین کی دستبرداری کے بعد 9 پارٹیز نے بولی میں حصہ لیا۔

ممکنہ شہروں میں فیصل آباد، گلگت، سیالکوٹ، حیدرآباد، راولپنڈی اور مظفرآباد شامل تھے۔پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹیو سلمان نصیر نے کہا کہ لیگ نے کئی چیلنجز کا سامنا کیا مگر پاکستان کرکٹ بورڈ ترقی کر رہا ہے اور پی ایس ایل دنیا کی بہترین ٹی 20 لیگ ہے۔

پی ایس ایل سیزن 11 کا آغاز 26 مارچ سے ہوگا اور یہ 3 مئی تک جاری رہے گا، جس میں اب آٹھ ٹیمیں شرکت کریں گی۔ یہ لیگ کی تاریخ میں دوسری بڑی توسیع ہے، جو نئے شائقین اور کرکٹ کے فروغ کا باعث بنے گی۔

About Aftab Ahmed

Check Also

مہنگائی اور شرح نمو پررپورٹ جاری

ایس اینڈ پی گلوبل مارکیٹ انٹیلیجنس نے پاکستان کے لیے اپنی تازہ معاشی پیشگوئیاں جاری …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے