
وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایات پر تمام زمرہ جات کے لیے گیس کی قیمتوں میں اگلے چھ ماہ تک کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا، جس سے صارفین کو بڑا ریلیف ملے گا۔
موجودہ مالی سال کے اگلے چھ ماہ کے لیے تمام صارفین کے لیے گیس کی قیمتیں وہی رہیں گی
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کا 12واں اجلاس چیئرمین سید مصطفیٰ محمود کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں گیس اور ایل این جی سیکٹر کی اہم پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ قطر کے ساتھ کامیاب مذاکرات مکمل ہو گئے ہیں، جس کے تحت پاکستان کے اضافی ایل این جی کارگو کو عالمی منڈی میں منتقل کیا جائے گا جبکہ معاہدہ جاتی ذمہ داریوں کا مکمل احترام کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ قطر ایک قیمتی اور قابل اعتماد سپلائر رہا ہے جس نے مشکل وقت میں بھی اپنے وعدوں کی پاسداری کی جبکہ دنیا کے کئی سپلائرز نے معاہدے توڑ دیے۔ پاکستان اس اسٹریٹجک تعلقات کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اضافی ایل این جی کارگو کے حوالے سے باہمی طور پر قابل قبول حل طے پا گیا ہے۔
جاری اصلاحات کے اثرات اجاگر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایات پر تمام زمرہ جات کے لیے گیس کی قیمتوں میں اگلے چھ ماہ تک کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا، جس سے صارفین کو بڑا ریلیف ملے گا۔
موجودہ مالی سال کے اگلے چھ ماہ کے لیے تمام صارفین کے لیے گیس کی قیمتیں وہی رہیں گی۔انہوں نے مزید بریفنگ دی کہ گیس سیکٹر میں سرکلر ڈیٹ کا بہاؤ روک دیا گیا ہے اور نیا سرکلر ڈیٹ پیدا نہیں ہو رہا، جو گیس سیکٹر کی اصلاحات میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ ملک بھر میں گھریلو صارفین کو بہتر گیس فراہمی جاری ہے اور اس وقت کوئی مقامی فیلڈ بند نہیں ہے۔
پاور پلانٹس کو آئی جی سی ای پی کی طلب سے زیادہ گیس فراہم کی جا رہی ہے تاکہ لوڈشیڈنگ سے بچا جا سکے۔سوئی کمپنیوں کے منیجنگ ڈائریکٹرز نے کمیٹی کو آپریشنل بہتری کے بارے میں بریفنگ دی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق موسم سرما میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لیے ملک بھر میں گھریلو صارفین کو بہتر گیس فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
ایس این جی پی ایل نے ان اکاؤنٹڈ فار گیس (یو ایف جی) نقصانات میں نمایاں کمی کی اطلاع دی جو 9 فیصد سے گھٹ کر 5 فیصد ہو گئے، جبکہ ایس ایس جی سی نے یو ایف جی نقصانات 17 فیصد سے کم ہو کر 10 فیصد ہو جانے کی رپورٹ دی۔
کمیٹی کو یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ گیس نیٹ ورک کے آخری حصوں پر آئی او ٹی بیسڈ مانیٹرنگ سسٹم، بشمول ٹاؤن بارڈر سٹیشنز، نصب کیے گئے ہیں جو پریشر ڈراپ کی صورت میں خودکار الارم پیدا کرتے ہیں، جس سے ریئل ٹائم مانیٹرنگ اور سروس ڈلیوری میں بہتری آئی ہے۔
ایم ڈی ایس این جی پی ایل نے مزید بتایا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایات پر گیس سپلائی کے اوقات صبح 5 بجے سے رات 10 بجے تک بڑھا دیے گئے ہیں تاکہ موسم سرما میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جا سکے۔
UrduLead UrduLead