
پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے اوپنر اور ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر سمیر منہاس (جو ملتان سے تعلق رکھتے ہیں) نے انڈر 19 ایشیا کپ فائنل میں بھارت کو 191 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل جیتنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت سے گروپ مرحلے میں پہلا میچ ہارنے کے بعد ٹیم نے اپنی غلطیوں پر کام کیا اور کوچز کی طرف سے فائنل میں کوئی پریشر نہیں تھا۔
ہم نیوز کے پروگرام ’’ہم دیکھیں گے‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ملتان کے نوجوان بیٹسمین سمیر منہاس نے کہا کہ پرفارمنس کی بہتری کے لیے مختلف کیمپس لگائے گئے جہاں بھرپور پریکٹس کی گئی۔
ٹورنامنٹ سے پہلے زبردست پریکٹس کی وجہ سے پریشر نہیں تھا اور بھارت کے خلاف میچ میں بالکل پریشر نہیں لیا بلکہ پراعتماد ہو کر کھیلا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے خلاف فائنل میں سنچری اسکور کرنا میرے لیے بہت خوشی کا لمحہ تھا۔ پورے میچ میں کوشش تھی کہ ٹیم کے لیے 350 پلس کا ٹوٹل اسکور کیا جائے۔ انشاء اللہ ایک دن آئے گا جب ہم دونوں بھائی (عرفات منہاس اور میں) ایک ساتھ قومی ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔
سمیر منہاس نے کہا کہ پی سی بی چیئرمین نے ٹیم کا مورال کافی بلند کیا اور بھرپور تعاون فراہم کیا۔ فائنل میچ کے دوران بھارتی ٹیم کے کھلاڑیوں کا رویہ بالکل نامناسب تھا، کھیل کے دوران تمام کھلاڑیوں کو ایک دوسرے کی عزت کرنی چاہیے۔

ہمارا پلان تھا کہ اگر بھارتی کھلاڑی ہاتھ ملائیں گے تو ہم بھی ملائیں گے، ہم نے یہی سوچ رکھی تھی کہ بہتر اور شاندار طریقے سے اپنی گیم کھیلیں۔ ڈی کاک کا ریکارڈ توڑنا میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔
انہوں نے وطن واپسی پر پرتپاک استقبال کو خوشی کا باعث قرار دیا اور جیت کا کریڈٹ سب سے پہلے والدین کو دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ والدین نے میرے لیے کافی محنت کی اور کرکٹ کھیلنے میں والد کا اہم کردار ہے۔ جیت کا دوسرا کریڈٹ کوچز کو جاتا ہے جنہوں نے میری بہت مدد کی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم میں پسندیدہ کھلاڑی بابر اعظم ہیں۔سمیر منہاس کی شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان انڈر 19 ٹیم نے فائنل میں 347 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا اور بھارت کو 156 پر آؤٹ کر کے ٹائٹل اپنے نام کیا۔ یہ پاکستان کی انڈر 19 ایشیا کپ میں دوسری فتح ہے۔
UrduLead UrduLead