اتوار , دسمبر 21 2025

انڈر 19 ایشیا کپ: پاکستان کی تاریخی فتح، بھارت 156 پر ڈھیر

دبئی میں کھیلے گئے اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو 191 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ یہ پاکستان کی انڈر 19 ایشیا کپ میں دوسری کامیابی ہے، اس سے قبل 2012 میں پاکستان اور بھارت مشترکہ طور پر چیمپئن قرار پائے تھے۔

فائنل میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، مگر پاکستانی بیٹنگ لائن نے بھارتی حکمت عملی کو ناکام بنا دیا۔ پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز کا بڑا اسکور کھڑا کیا۔ اوپنر سمیر منہاس نے غیر معمولی اننگ کھیلی اور 113 گیندوں پر 17 چوکوں اور 9 چھکوں کی مدد سے 172 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے احمد حسین نے 56، عثمان خان نے 35، کپتان فرحان یوسف نے 19 جبکہ حمزہ ظہور نے 18 رنز اسکور کیے، جس سے ٹیم کو مضبوط مجموعہ بنانے میں مدد ملی۔

348 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی بیٹنگ لائن پاکستانی بولرز کے سامنے مکمل طور پر بے بس نظر آئی۔ پوری ٹیم 156 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ مڈل اور لوئر آرڈر شدید دباؤ میں آکر ناکام ثابت ہوئے۔ بھارت کی جانب سے دیوندرن 36 اور سوریا ونشی 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

پاکستانی بولنگ میں علی رضا نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ عبدل سبحان، محمد صیام اور حذیفہ حسن نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

میچ کے دوران ایک بار پھر ٹاس اور ٹرافی کے ساتھ تصویر کے موقع پر دونوں ٹیموں کے کپتانوں کے درمیان ہینڈ شیک نہیں ہوا، جو فائنل سے قبل بھی توجہ کا مرکز بنا رہا۔

فائنل سے قبل پاکستانی کپتان فرحان یوسف کا کہنا تھا کہ ٹیم مکمل طور پر تیار ہے اور بھرپور فائٹ کر کے ٹائٹل جیتنے کی کوشش کرے گی، جسے کھلاڑیوں نے میدان میں سچ کر دکھایا۔

واضح رہے کہ پاکستان دو مرتبہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ جیت چکا ہے، تاہم انڈر 19 ایشیا کپ میں یہ اس کی بڑی کامیابیوں میں سے ایک قرار دی جا رہی ہے، جس نے نوجوان کرکٹرز کی صلاحیتوں پر ایک بار پھر مہر ثبت کر دی ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ہفتہ کی شب سے ملک کے شمالی حصوں میں ہلکی بوندا باندی کا آغاز

ہفتہ کی شب سے ملک کے شمالی حصوں میں ہلکی بوندا باندی کا آغاز ہوا، …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے