بدھ , دسمبر 17 2025

رواں سال 51 ہزار مسافر مختلف ائیرپورٹس سے آف لوڈ، ہزاروں بھیک مانگنے پر ڈی پورٹ

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اوورسیز پاکستانیز اور انسانی وسائل کے اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نے حیران کن انکشافات کیے ہیں۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ رواں سال پاکستان کے مختلف ائیرپورٹس سے 51 ہزار مسافروں کو آف لوڈ کیا گیا، جن میں سے بیشتر بھیک مانگنے یا غیر قانونی ہجرت کی کوشش کے شبہ میں روکے گئے۔

ڈی جی ایف آئی اے کے مطابق، اس سال سعودی عرب نے بھیک مانگنے کے الزام میں 24 ہزار پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا، جبکہ دبئی (متحدہ عرب امارات) نے 6 ہزار اور آذربائیجان نے 2 ہزار 500 افراد کو واپس بھیجا۔

انہوں نے بتایا کہ کئی افراد عمرے کے ویزے پر یورپ جانے کی کوشش کر رہے تھے، جن کے پاس متعلقہ یورپی ممالک کے سفر کے دستاویزات ملے، جس پر انہیں ثبوتوں کی بنیاد پر آف لوڈ کیا گیا۔

اجلاس میں مزید انکشاف ہوا کہ رواں سال 24 ہزار پاکستانی کمبوڈیا گئے مگر 12 ہزار تاحال واپس نہیں آئے۔ اسی طرح برما (میانمار) سیاحتی ویزے پر جانے والے 4 ہزار افراد میں سے ڈھائی ہزار ابھی واپس نہیں لوٹے۔

گزشتہ سال یورپ غیر قانونی طور پر جانے والے پاکستانیوں کی تعداد 8 ہزار تھی جو اس سال کم ہو کر 4 ہزار رہ گئی۔ پاکستان پہلے غیر قانونی ہجرت کرنے والے ٹاپ فائیو ممالک میں شامل تھا۔

ڈی جی ایف آئی اے نے بتایا کہ اب تک مجموعی طور پر سعودی عرب نے بھیک مانگنے کے باعث 56 ہزار پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا ہے۔ ان کوششوں سے پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی رینکنگ بہتر ہوئی ہے جو 118 سے 92 نمبر پر آ گئی۔ اس کے علاوہ دبئی اور جرمنی نے پاکستانی سرکاری پاسپورٹ ہولڈرز کو ویزا فری انٹری دے دی ہے۔

کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ ایمیگریشن کی نئی ایپلیکشن (ایمی ایپ) جنوری کے وسط میں لانچ کی جائے گی، جس کے ذریعے بیرون ملک جانے والے افراد روانگی سے 24 گھنٹے پہلے آن لائن ایمیگریشن کلیئرنس حاصل کر سکیں گے۔

زمبابوے میں پاکستانی سفیر نے بتایا کہ کئی افراد ایتھوپیا اور زمبیا کے راستے غیر قانونی طور پر یورپ جا رہے ہیں۔ڈی جی نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر ایف آئی اے کاؤنٹرز پر عملے کی کمی کا مسئلہ بھی اٹھایا اور بتایا کہ اسلام آباد پولیس کی 30 خاتون اہلکاروں کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں۔

ایک دلچسپ انکشاف یہ تھا کہ ایک جعلی فٹ بال کلب نے کھلاڑیوں کی ٹیم جاپان بھیجی، جس میں ایک لنگڑا شخص بھی شامل تھا۔ تحقیقات سے پتہ چلا کہ 2022 میں بھی اسی جعلی کلب کو جاپان بھیجا جا چکا تھا۔کمیٹی نے ان اقدامات کو سراہا اور غیر قانونی ہجرت اور بھیک مانگنے کے رجحان کو روکنے پر زور دیا۔

About Aftab Ahmed

Check Also

نجی اسکولوں کو شوکاز نوٹس کے جوابات جمع کرانے کی 30 دسمبر تک مہلت

کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے نجی اسکول سسٹمز کی درخواستوں پر غور …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے