
وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے اعلان کیا ہے کہ ایران اور عراق کی زیارات کے لیے بحری راستے سے زائرین کی روانگی کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور متعلقہ فیری آپریٹرز کو لائسنس جاری ہو چکے ہیں، جس سے سمندری راستے کے ذریعے زیارات جلد ممکن ہو جائیں گی۔
وزارت مذہبی امور کے اعلامیے کے مطابق، جنوری 2026 سے ایران، عراق اور شام کی زیارات صرف رجسٹرڈ زیارات گروپ آرگنائزرز (ZGOs) کے ذریعے ہی ممکن ہوں گی۔
اس سلسلے میں 67 نئے زیارات گروپ آرگنائزرز کو رجسٹریشن سرٹیفکیٹس جاری کر دیے گئے ہیں، جس کے بعد مجموعی طور پر رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد 91 ہو گئی ہے۔ رجسٹرڈ کمپنیوں کی مکمل فہرست وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔
سردار محمد یوسف نے کہا کہ زائرین کو محفوظ، شفاف اور بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
نئی پالیسی کے تحت غیر قانونی سفر اور اوور سٹے کے مسائل کو روکنے کے لیے ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم بھی تیار کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ بحری راستے کی منظوری سے نہ صرف زائرین کو سستی اور محفوظ سفر کی سہولت ملے گی بلکہ یہ علاقائی تجارت اور سیاحت کو بھی فروغ دے گی۔
UrduLead UrduLead