
پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا امکان پیدا ہوگیا ہے، کیونکہ حکومت کو بھیجی گئی نئی سمری میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) اور ڈیلرز کے منافع میں اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔
سمری اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کو ارسال کی جاچکی ہے، جہاں اس پر جلد فیصلہ متوقع ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق او ایم سیز اور ڈیلرز نے پیٹرول و ڈیزل پر موجودہ منافع کی سطح پر نظرثانی کی درخواست کی تھی۔ سمری میں بتایا گیا ہے کہ فی الحال او ایم سیز کا منافع فی لیٹر 7.87 روپے جبکہ ڈیلرز کو 8.64 روپے کمیشن ملتا ہے، جس میں اضافے کی تجویز زیر غور ہے۔
تجویز کے مطابق او ایم سیز اور ڈیلرز کے مارجن میں فی لیٹر 1.10 روپے سے 1.28 روپے کا اضافہ کیا جائے گا۔ اگر یہ تجویز منظور ہوگئی تو دونوں فریقین کو ملنے والا مجموعی منافع 16.51 روپے فی لیٹر سے بڑھ جائے گا، جس کے نتیجے میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تقریباً 2.40 روپے فی لیٹر اضافہ ہوسکتا ہے۔
سمری کی منظوری کے بعد اسے وفاقی کابینہ سے بھی توثیق کے لیے پیش کیا جائے گا، جس کے بعد ہی نئے منافع کا اطلاق ہوگا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اگر کمیٹی اور کابینہ نے تجویز مان لی تو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہوگا، جو مہنگائی کے دباؤ میں مزید اضافہ کرسکتا ہے۔
UrduLead UrduLead