
سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کے لیے حکومت کو ایک نئی اہم تجویز پیش کی گئی ہے، جس کے تحت وہ سال میں کم از کم ایک استعمال شدہ موبائل فون رعایتی ٹیکس پر ملک لا سکیں گے۔
یہ تجویز ایک حالیہ اجلاس میں سامنے آئی جہاں رکنِ قومی اسمبلی علی موسیٰ گیلانی نے مطالبہ کیا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو سال میں ایک موبائل فون اپنے اہلخانہ کے لیے بطور تحفہ بھیجنے کی اجازت ہونی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سہولت سے نہ صرف اوورسیز پاکستانیوں پر اضافی مالی بوجھ کم ہو گا بلکہ وہ اپنے خاندانوں کے ساتھ بہتر رابطہ بھی برقرار رکھ سکیں گے۔
علی موسیٰ گیلانی نے زور دیا کہ سمندر پار پاکستانی ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، اس لیے ان کے مسائل اور سہولتوں کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا چاہیے۔ تجویز پر متعلقہ حکام نے غور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت آئندہ پالیسی میں اس سفارش کو شامل کرنے پر غور کر سکتی ہے، جس سے اوورسیز پاکستانیوں کو ضروری ڈیجیٹل رابطے کے سامان پر ٹیکس میں نمایاں ریلیف ملنے کی امید ہے۔
UrduLead UrduLead