جمعرات , دسمبر 4 2025

ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی، سردی میں مزید اضافہ متوقع

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں موسم مزید سرد ہو جائے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔

مری، گلیات اور بالائی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے کم رہنے کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، جبکہ سندھ میں موسم خشک لیکن صبح و رات کے اوقات میں سردی برقرار رہنے کی توقع ہے۔ کراچی سمیت زیریں سندھ میں ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت بڑھنے کا امکان ہے۔

خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں مطلع ابر آلود اور موسم سرد رہے گا جبکہ بالائی پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کے ساتھ ہلکی بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ بلوچستان میں بھی موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم شمالی اضلاع میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان میں موسم سرد رہے گا اور مختلف مقامات پر ہلکی بارش جبکہ بلند پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ کشمیر میں بھی چند مقامات پر بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق رواں سال کا آخری سپر مون 4 اور 5 دسمبر کی رات پاکستان میں واضح طور پر نظر آئے گا، جسے شہری کھلی فضاؤں میں باآسانی دیکھ سکیں گے۔

موسمیاتی ادارے نے شہریوں کو سردی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

پی آئی اے کی نجکاری—بڈنگ 23 دسمبر کو براہِ راست نشر ہوگی

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے