بدھ , جنوری 28 2026

پی ایس ایل کا ٹیم مالکان کے لیے انعامی رقوم مقرر

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے پاکستان سپر لیگ کے ٹیم مالکان کے لیے ایک بڑا مالیاتی اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیمپئن ٹیم کے مالک کو 5 لاکھ ڈالرز اور رنرز اپ ٹیم کے مالک کو 3 لاکھ ڈالرز انعام کے طور پر دیے جائیں گے۔ یہ اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری پی سی بی سربراہ کے بیان میں کیا گیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ وہ فرنچائز مالک جو کرکٹ ڈیویلپمنٹ میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری اور عملی کام کرے گا، اسے اضافی طور پر 2 لاکھ ڈالرز کا انعام بھی دیا جائے گا۔ ان کے مطابق اس اقدام کا مقصد پاکستان میں کرکٹ کے انفراسٹرکچر اور نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت کو مضبوط بنانا ہے تاکہ کھیل نئی بلندیوں تک پہنچ سکے۔

پی سی بی چیئرمین کے مطابق یہ پہلی مرتبہ ہے کہ پی ایس ایل کی انعامی رقوم میں ٹیم مالکان کے لیے علیحدہ حصہ مختص کیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل فاتح ٹیم کو ملنے والی انعامی رقم کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور متعلقہ عملے میں تقسیم ہوتی تھی، جبکہ فرنچائز مالکان کو کوئی براہ راست مالی انعام نہیں دیا جاتا تھا۔

دوسری جانب پی ایس ایل کی فاتح ٹیم کو ملنے والی 5 لاکھ ڈالرز کی مجموعی رقم میں بھی اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس سے آئندہ سیزن مزید مالی طور پر پُرکشش ہونے کی توقع ہے۔

پی سی بی کا مؤقف ہے کہ ان اقدامات سے فرنچائز مالکان کی دلچسپی بڑھے گی، سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا اور پاکستان سپر لیگ کو مزید مستحکم بنیادیں ملیں گی۔ نئے مالیاتی ماڈل کا مقصد فرنچائزز کو ترقیاتی منصوبوں میں زیادہ شمولیت کی ترغیب دینا ہے، جس کا براہ راست فائدہ قومی کرکٹ کو حاصل ہوگا۔

About Aftab Ahmed

Check Also

مہنگائی اور شرح نمو پررپورٹ جاری

ایس اینڈ پی گلوبل مارکیٹ انٹیلیجنس نے پاکستان کے لیے اپنی تازہ معاشی پیشگوئیاں جاری …