سیٹ بیلٹ نہ پہننے پر سب سے زیادہ کارروائیاں، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سخت اقدامات

شہرِ قائد میں ٹریفک پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 4 ہزار 136 شہریوں کے ای چالان جاری کیے۔ ٹریفک پولیس کی رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ چالان سیٹ بیلٹ نہ پہننے پر کیے گئے جن کی تعداد 2 ہزار 737 رہی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تیز رفتاری (اوور اسپیڈنگ) پر 116، بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے پر 812، اور لال سگنل توڑنے پر 169 چالان کیے گئے۔ اسی طرح موبائل فون کے استعمال پر 157، غیر قانونی پارکنگ پر 24، اوور لوڈنگ پر 4، اسٹاپ لائن کی خلاف ورزی پر 23، رانگ وے پر آنے پر 8 اور کالے شیشے استعمال کرنے پر 56 چالان کیے گئے۔
ٹریفک پولیس حکام کے مطابق کراچی میں ای چالاننگ سسٹم کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔ اس نظام کا مقصد شہریوں کو صرف جرمانہ کرنا نہیں بلکہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرانا ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے شہریوں کو تنبیہ کی ہے کہ بغیر لائسنس موٹرسائیکل چلانے پر 20 ہزار روپے کا چالان کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام شہری اپنے ڈرائیونگ لائسنس اپڈیٹ رکھیں، کیونکہ اب قوانین کی خلاف ورزی پر کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں تمام چھوٹی بڑی گاڑیوں کے لیے اسپیڈ لمٹ 60 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے، اور اس سے تجاوز کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق، ای چالاننگ سسٹم کے فعال ہونے کے بعد شہریوں کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی سی سی ٹی وی کیمروں، ڈیجیٹل نگرانی، اور آن لائن ڈیٹا بیس کے ذریعے کی جا رہی ہے۔ حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ اس نظام سے ٹریفک نظم و ضبط میں بہتری آئے گی اور حادثات میں واضح کمی ممکن ہو گی۔
UrduLead UrduLead