اتوار , اکتوبر 12 2025

وزیر خزانہ امریکہ روانہ، آئی ایم ایف و ورلڈ بینک اجلاسوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کے لیے امریکہ روانہ ہوگئے ہیں، جہاں وہ پاکستان کی نمائندگی مختلف اعلیٰ سطحی اجلاسوں اور ملاقاتوں میں کریں گے۔ وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ اپنے دورہ کے دوران 65 سے زائد ایونٹس، فورمز، تقاریب اور ملاقاتوں میں شرکت کریں گے۔

ترجمان وزارت خزانہ کے مطابق، محمد اورنگزیب ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے پلینری اجلاسوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے اور ان ملاقاتوں میں پاکستان کی معاشی صورتحال، مالیاتی اصلاحات اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کریں گے۔

دورہ کے دوران وزیر خزانہ کی عالمی بینک کے صدر اجے بنگا سے بالمشافہ ملاقات طے ہے۔ وہ اجے بنگا کی خصوصی دعوت پر منتخب ممالک کے وزرائے خزانہ کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں بھی شریک ہوں گے۔

محمد اورنگزیب کی ملاقات آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹلینا جارجیوا سے بھی ہو گی، جو G24 اور MENAP (مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ اور پاکستان) فورمز کے پلیٹ فارمز پر منعقد کی جائے گی۔ وزیر خزانہ MENAP فورم سے بطور کلیدی مقرر (Keynote Speaker) خطاب کریں گے، جس میں وہ پاکستان کے مالیاتی استحکام اور اقتصادی پالیسیوں پر روشنی ڈالیں گے۔

وزیر خزانہ ایف بی آر کی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے حوالے سے عالمی بینک کے زیر اہتمام ہونے والے ایک علاقائی راؤنڈ ٹیبل میں بھی شریک ہوں گے، جہاں مختلف ممالک کے ٹیکس حکام اپنی اصلاحاتی پیش رفت کا تبادلہ کریں گے۔ اس موقع پر وہ پاکستان میں ٹیکس نیٹ بڑھانے اور ڈیجیٹل پالیسیوں کے نفاذ کے اقدامات پر بھی بات کریں گے۔

محمد اورنگزیب ورلڈ اکنامک فورم (WEF) کے تحت منعقدہ دو اہم عالمی ایونٹس میں بھی پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ وزارت خزانہ کے مطابق، وہ اپنے دورہ کے دوران چین، برطانیہ، سعودی عرب، ترکیہ اور آذربائیجان کے ہم منصب وزرائے خزانہ سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے تاکہ اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پر پیش رفت ہو سکے۔

دورہ امریکہ کے دوران وزیر خزانہ کی وائٹ ہاؤس کے اعلیٰ حکام، کانگریس کی فنانشل سروسز کمیٹی کے چیئرمین، امریکی محکمۂ خزانہ، امریکی محکمۂ خارجہ، اور انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن (DFC) کے سینئر عہدیداران سے بھی ملاقاتیں شیڈول کا حصہ ہیں۔

محمد اورنگزیب یو ایس پاکستان بزنس کونسل کے عہدیداران اور اراکین سے بھی ملاقات کریں گے، جہاں وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع، ٹیکس تجاویز، اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈلز پر گفتگو کریں گے۔

وزیر خزانہ عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں، کمرشل بینکوں، اور بالخصوص مشرق وسطیٰ کے سرمایہ کار بینکوں کے حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے تاکہ پاکستان کے مالیاتی شعبے میں اعتماد بحال کیا جا سکے۔

دورہ کے دوران وزیر خزانہ مختلف سرمایہ کاری فورمز اور بین الاقوامی سیمینارز سے بھی خطاب کریں گے جن میں وہ پاکستان کے معاشی استحکام، زرِمبادلہ کی صورتحال، اور اصلاحاتی پروگراموں پر روشنی ڈالیں گے۔

محمد اورنگزیب امریکہ کے معروف تھنک ٹینکس، بشمول اٹلانٹک کونسل اور پیٹرسن انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل اکنامکس (PIIE)، کا بھی دورہ کریں گے، جہاں وہ عالمی معیشت میں پاکستان کے کردار اور خطے کے مالی رجحانات پر تبادلہ خیال کریں گے۔

وزیر خزانہ اپنے دورہ کے دوران پاکستانی کمیونٹی کے ممتاز ارکان سے ملاقات کریں گے اور امریکی و بین الاقوامی میڈیا کو بھی انٹرویوز دیں گے، جن میں وہ پاکستان کے معاشی منظر نامے، اصلاحات، اور بیرونی سرمایہ کاری کے امکانات پر روشنی ڈالیں گے۔

وزارت خزانہ کے مطابق، سینیٹر محمد اورنگزیب کا یہ دورہ عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کے لیے ایک اہم موقع ثابت ہو گا۔

About Aftab Ahmed

Check Also

لاہور ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان کے 5 وکٹوں پر 313 رنز

شان مسعود، امام الحق کی نصف سنچریاں، رضوان اور سلمان علی آغا کی شراکت نے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے