اداکار فیصل قریشی اور ان کی اہلیہ ثنا فیصل کی دلچسپ ویڈیو نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی، مداحوں کی جانب سے جوڑی کو خوب سراہا جا رہا ہے

معروف اداکار فیصل قریشی اور ان کی اہلیہ ثنا فیصل کی مزاح سے بھرپور ایک ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کو خوب محظوظ کیا ہے، جس میں ثنا نے شوہر کو “اشاروں پر نچانے” کا دعویٰ کرتے ہوئے مزاحیہ انداز اپنایا ہے۔ انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں ثنا لپسنگ کرتے ہوئے فیصل قریشی کو بلاتی ہیں اور مختلف ہدایات دیتی ہیں، جیسے “ادھر آؤ، مسکرا کر دکھاؤ، بائے کرو” — اور فیصل قریشی بیوی کی بات مانتے ہوئے مسکرا کر سر ہلا دیتے ہیں۔
ویڈیو کے کیپشن میں ثنا فیصل نے ایک ہنستی ہوئی ایموجی کے ساتھ لکھا، “میرے اشاروں پر نانچنے والا۔” اس مختصر کلپ کو چند گھنٹوں میں ہزاروں صارفین نے دیکھ لیا، جس پر دلچسپ تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ایک صارف نے لکھا، “فیصل بھائی تو بیوی کے اشاروں پر چلتے ہیں، اصلی محبت یہی ہے!” جبکہ کئی مداحوں نے اس جوڑی کو “کول اینڈ کیوٹ کپل” قرار دیا۔
فیصل قریشی، جنہیں پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کا ایک بڑا نام مانا جاتا ہے، نہ صرف اسکرین پر سنجیدہ اداکاری کے لیے جانے جاتے ہیں بلکہ نجی زندگی میں ہنسی مذاق کو بھی خوب اہمیت دیتے ہیں۔ اس ویڈیو نے ان کی حسِ مزاح اور گھریلو تعلقات کے نرم پہلو کو مداحوں کے سامنے اجاگر کیا ہے۔
اس سے قبل ایک انٹرویو میں فیصل قریشی نے اپنی شادی سے متعلق دلچسپ انکشافات کیے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی اہلیہ سے رشتہ طے کرنے کے لیے سسر سے براہ راست بات کی اور کہا، “میں زندگی میں ٹھہراؤ چاہتا ہوں، انجوائے کرنے کے آپشنز کم نہیں، لیکن اب گھر بسانا ہے۔” فیصل کے مطابق، ان کے سسر ٹی وی نہیں دیکھتے تھے، اس لیے انہیں فیصل قریشی کے “سیلیبریٹی اسٹیٹس” کا علم نہیں تھا۔
ثنا فیصل نے بھی انٹرویو کے دوران بتایا کہ جب ان کے والد کو علم ہوا کہ رشتہ شوبز سے تعلق رکھنے والے شخص کا ہے، تو تھوڑا ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کیا گیا۔ ان کے بقول، “پنجاب میں ایک کلچر ہے کہ شوبز سے شادی نہیں کرنی، ابا کو اور مجھے دونوں کو شک تھا کہ اب دیکھتے ہیں کہاں پھنسنا ہے!” تاہم، فیصل قریشی کی سنجیدگی اور عزت دار رویے نے آخرکار گھر والوں کا دل جیت لیا۔
سوشل میڈیا پر ثنا فیصل کی ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد مداحوں نے جوڑی کے درمیان مزاح، محبت اور عزت کے امتزاج کو سراہا ہے۔ کچھ صارفین نے اس ویڈیو کو ازدواجی رشتے میں خوشگواری کی مثال قرار دیا، جبکہ دوسروں نے کہا کہ یہی وہ طرزِ زندگی ہے جو رشتوں کو مضبوط بناتا ہے۔
پاکستانی شوبز میں ایسی خوشگوار جوڑیاں کم ہی دیکھنے کو ملتی ہیں جو اپنی نجی زندگی میں اس قدر بے ساختگی سے اپنے مداحوں کو جھلک دکھائیں۔ فیصل قریشی اور ثنا فیصل کی یہ ویڈیو محض مزاحیہ لمحہ نہیں، بلکہ ازدواجی زندگی میں اعتماد، دوستی اور محبت کی ایک خوبصورت مثال بھی ہے۔