
پاکستان کے معروف ٹی وی و فلم اداکار، میزبان و پروڈیوسر فیصل قریشی نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بھی بالی ووڈ سے کام کی آفر آ چکی ہے۔
فیصل قریشی نے حال ہی میں جیوپوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی۔ انٹرویو کے دوران انہوں نے اپنے ماضی حال اور مستقبل کے پروجیکٹس پر تفصیل سے بات کی۔
اداکار نے فیملی وی لاگنگ سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر کسی کو اپنی آڈئینس اور پسند ہے، جسے جو تخلیق کرنا ہے وہ کانٹینٹ بنا رہا ہے جبکہ دیکھنے والے جو دیکھنا چاہتے ہیں یہ ان کی پسند اور انتخاب ہے، ہر کوئی محنت کر رہا ہے۔
اداکار نے بتایا کہ میں نے 17 سال کی عمر میں پہلی فلم کی تھی۔ فیصل قریشی اب تک 19 فلموں میں کام کر چکے ہیں۔
فیصل قریشی نے اپنے اور والدہ کے درمیان سامنے آنے والے تنازع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ میں اکثر اپنے بچوں سے بھی 3 سے 4 دن نہیں مل پاتا ہوں، مصروف ہونے کے سبب کافی دن نکل جاتے ہیں مگر گھر والوں سے ملنا نہیں ہوتا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ والدہ سے تنازع بھی اسی بنیاد پر سامنے آیا تھا، سوشل میڈیا پر تنازع اٹھنے پر والدہ نے کہا تھا کہ میں صارفین کو وضاحت دوں گی جس پر میں نے انہیں روک دیا تھا۔
اداکار نے پوڈکاسٹ کے دوران اپنی فٹنس پر بھی کھل کر بات کی۔
فیصل قریشی کا کہنا تھا کہ میں جم کے ساتھ ساتھ ’کیلوری ڈیفیسٹ‘ پر عمل کرتا ہوں، اگر مجھے دن میں 2400 سے 2500 کیلوریز چاہئیں تو میں صرف 2000 ہزار گِن کر کیلوریز کا استعمال کرتا ہوں اور جم میں بھی 700 سے 800 کیلوریز برن کرتا ہوں۔
اداکار نے بھارت سے آفر آنے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں بتایا کہ مجھے بھارت سے کام کی آفر موصول ہوئی تھی، مگر بھارت پاکستانی فنکاروں کے ساتھ جو کرتا ہے وہ سب کے سامنے ہے، ہم پاکستانی بھارتیوں کے ساتھ اچھا سلوک کرتے ہیں مگر بھارت میں ایسا نہیں ہے۔
انہوں نے پاک بھارت فنکاروں کے درمیان دوری کی وجہ سیاست کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ سب خراب حالات کی جڑ سیاست ہے، باقی عوام کے آپس میں تعلقات بہتر ہیں۔
انٹرویو کے دوران فیصل قریشی نے ڈرامہ سیریل ’پری زاد‘ کو پروڈیوس نہ کر پانے کے پچھتاوے کا بھی اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں پری زاد میں کردار ادا نہیں بلکہ اسے پروڈیوس کرنا چاہتا تھا، میں پروڈیوس نہیں کر سکا اور اس کا مجھے دکھ رہے گا۔