مداحوں کے پسندیدہ آن اسکرین جوڑی ایک بار پھر ایک ساتھ، بابرجاوید کی ہدایتکاری میں نیا پراجیکٹ

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف جوڑی دانش تیمور اور حبا بخاری ایک بار پھر اسکرین پر جلوہ گر ہونے کو تیار ہے۔ دونوں اداکار کئی کامیاب ڈراموں میں ایک ساتھ نظر آ چکے ہیں جن میں “حالِ دل”، “دیوانگی” اور حالیہ سپر ہٹ “جان نثار” شامل ہیں۔ ان کی جوڑی کو ناظرین بے حد پسند کرتے ہیں اور مداح کافی عرصے سے ان کی ایک ساتھ واپسی کے منتظر تھے، جو اب ممکن ہو چکی ہے۔
نیا ڈرامہ “ہمراہی” کے عنوان سے منظر عام پر آیا ہے، جس کی تصدیق خود دانش تیمور نے کی ہے۔ اس پراجیکٹ کو بابرجاوید پروڈکشنز کے بینر تلے تیار کیا جا رہا ہے اور اس کی کہانی معروف مصنفہ زنجبیل عاصم شاہ نے تحریر کی ہے، جنہوں نے حالیہ کامیاب ڈرامہ “شیر” بھی لکھا تھا۔ “ہمراہی” کی ہدایتکاری بابر جاوید خود کر رہے ہیں، جو کہ ایک بڑی فنی جوڑی اور تجربہ کار ٹیم کا امتزاج ثابت ہو گا۔
دانش تیمور ان دنوں ڈرامہ “شیر” میں اپنی زبردست اداکاری سے ناظرین کے دل جیت رہے ہیں۔ یہ ڈرامہ اتنا مقبول ہوا ہے کہ اس کا فائنل ایپی سوڈ سنیما گھروں میں ریلیز کیا جائے گا، جو ٹی وی ڈراموں کے لیے ایک نیا سنگ میل ہے۔ دوسری جانب، حبا بخاری “میں زمین تُو آسمان” میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں، جو اپنی منفرد کہانی اور بہترین اداکاری کی بدولت اچھی ریٹنگز حاصل کر رہا ہے۔
“ہمراہی” کے بارے میں دانش تیمور کا کہنا ہے کہ یہ اُن کہانیوں میں سے ایک ہے جو اُن کے دل کے بہت قریب ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ یہ ان کے کیریئر کے بہترین اسکرپٹس میں سے ایک ہے۔ زنجبیل اور دانش کی “شیر” میں جوڑی نے شاندار نتائج دیے تھے، اور اب “ہمراہی” میں دونوں دوبارہ ایک ساتھ کام کریں گے، جس سے توقعات مزید بڑھ گئی ہیں۔
مداحوں نے سوشل میڈیا پر اس اعلان پر جوش کا اظہار کیا ہے۔ کسی نے لکھا، “دعا اور غزنوی واپس آ رہے ہیں،” جب کہ ایک اور صارف نے کہا، “انتظار نہیں ہو رہا، بس جلدی آ جائے یہ ڈرامہ۔” ان تبصروں سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں اداکاروں کی جوڑی ناظرین کے دلوں میں اپنی خاص جگہ رکھتی ہے۔

ڈرامہ “ہمراہی” کا اسکرپٹ، ہدایتکاری، اور کاسٹ کے لحاظ سے یہ ایک بڑا پروجیکٹ تصور کیا جا رہا ہے اور امکان ہے کہ یہ ریٹنگز کے نئے ریکارڈ قائم کرے گا۔ دانش تیمور اور حبا بخاری کی آن اسکرین کیمسٹری پہلے ہی عوام میں مقبول ہے، اور اس نئے پراجیکٹ میں ان کی واپسی پاکستانی ڈرامہ بینوں کے لیے کسی تحفے سے کم نہیں۔
ڈرامے کی ریلیز تاریخ اور چینل کا اعلان تاحال نہیں ہوا، تاہم قوی امکان ہے کہ یہ ڈرامہ ایک بڑے پرائم ٹائم سلاٹ میں نشر کیا جائے گا۔ بابرجاوید کی ہدایتکاری، زنجبیل کی تحریر اور دانش و حبا کی جوڑی — یہ امتزاج ڈرامہ “ہمرہی” کو بلا شبہ سال 2025 کا ایک یادگار ڈرامہ بنا سکتا ہے۔
#JaanNisar #DanishTaimoor #HibaBukhari #PakistaniDramas