پیر , اکتوبر 13 2025

کے ایس ای 100 انڈیکس 1000 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ بننے کا سلسلہ بدھ کو بھی جاری ہے، منافع کی توقعات، مستحکم روپیہ اور ملکی و غیرملکی ادارہ جاتی سرمایہ کاری سے مارکیٹ میں جوش، ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس 1000 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 100 انڈیکس ملکی تاریخ میں پہلی بار ایک لاکھ 51 ہزار کی بلند سطح عبور کرگیا تھا۔

دوپہر 2 بجکر40 منٹ پر بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 1,029.21 پوائنٹس یا 0.69 فیصد اضافے سے 150,799.95 پوائنٹس پر جاپہنچا۔

آٹوموبائل اسمبلرز، کمرشل بینکوں، پاور جنریشن اور ریفائنری سمیت اہم شعبوں میں بھرپور خریداری دیکھی جارہی ہے ۔ این بی پی ، ایم ای بی ایل ، حبکو ، اے آر ایل ، پی آر ایل اور بی او پی مثبت زون میں دکھائی دیے۔

پاکستان کے کارپوریٹ سیکٹر میں اہم پیشرفت کے سلسلے میں، موڈیز ریٹنگز نے پانچ پاکستانی بینکوں: الائیڈ بینک لمیٹڈ، حبیب بینک لمیٹڈ ، ایم سی بی بینک لمیٹڈ ، نیشنل بینک آف پاکستان اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ کی مقامی اور غیر ملکی کرنسی کی طویل مدتی ڈپازٹ ریٹنگز کو سی اے اے 2 سے بڑھا کر سی اے اے 1 کردیا۔

یہ درجہ بندی کے اقدامات موڈیز کے پاکستان کی مقامی اور غیر ملکی کرنسی کے جاری کنندہ اور سینئر غیر محفوظ قرضوں کی درجہ بندی کو سی اے اے 2 سے بڑھا کر سی اے اے 1 کرنے کے فیصلے کے بعد آئے ہیں، جس کا مقصد آئی ایم ایف کے توسیعی فنڈ فیسلیٹی پروگرام کے تحت اصلاحات پر عمل درآمد میں ہونے والی پیشرفت کی روشنی میں پاکستان کے بہتر ہوتے ہوئے بیرونی مقام کی عکاسی کرنا ہے۔

یاد رہے کہ منگل کو کے ایس ای 100 انڈیکس 1,574 پوائنٹس یا 1.06 فیصد اضافے سے 149,770.75 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔

سونے کی قیمت

عالمی و مقامی مارکیٹوں میں بدھ کو بھی سونے کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 14 ڈالر کی کمی سے 3325 ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں کمی کے باعث مقامی سطح پر بھی فی تولہ سونا 1400 روپے کی کمی سے 3 لاکھ 55 ہزار 200 روپے کا ہوگیا۔

اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت 1201 روپے کی کمی سے 3 لاکھ 4 ہزار 526 روپے ہوگئی۔

یاد رہے کہ منگل کو سونے کی فی تولہ قیمت 1100 روپے کی کمی سے 3 لاکھ 56 ہزار 600 روپے ہوگئی تھی۔

دریں اثنا چاندی کی فی تولہ قیمت 96 روپے کی کمی سے3935 روپے ہوگئی۔

About Aftab Ahmed

Check Also

لاہور ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان کے 5 وکٹوں پر 313 رنز

شان مسعود، امام الحق کی نصف سنچریاں، رضوان اور سلمان علی آغا کی شراکت نے …