پیر , اکتوبر 13 2025

عمران اشرف کی بھارتی پنجابی فلم کا پہلا گانا ’آل گڈ‘ ریلیز

پاکستانی اداکار عمران اشرف کی کینیڈین بھارتی پنجابی فلم ’اینا نوں رہنا سہنا نئیں آندا‘ کا پہلا گانا ’آل گڈ‘ ریلیز کر دیا گیا ہے، جسے سال کا پارٹی اینتھم قرار دیا جا رہا ہے۔

ڈراموں میں اپنی بہترین اداکاری کے حوالے سے مشہور عمران اشرف بہت جلد کینیڈین بھارتی پنجابی فلم ’اینا نوں رہنا سہنا نئیں آندا‘ میں جلوہ گر ہونے جا رہے ہیں۔

گزشتہ روز عمران اشرف نے انسٹاگرام پر فلم کا پہلا گانا ’آل گُڈ‘ شیئر کر دیا۔

فلم کے مرکزی اداکار رنجیت باوا نے اسے گنگنایا ہے اور گانے کی ویڈیو میں پارٹی کا ماحول دکھایا گیا ہے، ویڈیو میں اس گانے کو ’سال کا پارٹی اینتھم‘ قرار دیا گیا ہے۔

’اینا نوں رہنا سہنا نئیں آندا‘ کے جاری کیے گئے ٹریلر سے کہانی سمجھنا مشکل ہے، تاہم عندیہ ملتا ہے کہ فلم کی کہانی نوجوان طلبہ کے گرد گھومتی ہے جنہیں بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کے دوران مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اس کو مئی میں ریلیز کیا جانا تھا، تاہم کچھ وجوہات کی بنا پر اس کی ریلیز مؤخر کردی گئی، اگرچہ باضابطہ طور پر ریلیز کو مؤخر کرنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی، لیکن غالب امکان ہے کہ یہ فیصلہ اس وقت بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر کیا گیا ہوگا۔

اب یہ فلم 22 اگست کو پاکستان سمیت دنیا بھر کے سنیما گھروں میں پیش کی جائے گی۔

’اینا نوں رہنا سہنا نئیں آندا‘ کا ٹیزر گزشتہ ماہ جاری کیا گیا تھا، اس میں عمران اشرف مرکزی کردار میں نظر آئیں گے، فلم کی ہدایات روپن بال دیں گے، جب کہ اس میں بھارتی پنجابی گلوکار و اداکار جیسی گل بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔

فلم کی زیادہ تر کاسٹ کینیڈین نژاد بھارتی اداکاروں پر مشتمل ہے، تاہم اس میں دیگر پاکستانی پنجابی اداکار بھی نظر آئیں گے۔

فلم کی دیگر کاسٹ میں رنجیت باوا، مینڈے ٹکھڑ، سپنا پبی، نمال رشی، ناصر چنیوٹی اور نوپریت بانگا سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

فلم کی ریلیز کی خبر ایک ایسی فلم کے بعد سامنے آئی ہے، جو سرحد پار کاسٹ کی وجہ سے بھارت میں کئی تنازع کا شکار ہوئی، ’سردار جی تھری‘ جو بھارتی پنجابی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ کی پروڈیوس کردہ فلم تھی، اب تک بھارت میں ریلیز نہیں ہوسکی ہے کیونکہ اس میں ہانیہ عامر کو کاسٹ کرنے کی وجہ سے بھارتی فلم سازوں کی جانب سے اسے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

’سردار جی تھری‘ کی کاسٹ میں سپنا پبی اور ناصر چنیوٹی بھی شامل ہیں، یہ فلم 27 جون کو پاکستان اور دنیا بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز کی گئی اور ہدایت کار امر ہندال کے مطابق یہ فلم بھارت سے باہر سب سے زیادہ بزنس کرنے والی پنجابی فلم بن گئی ہے۔

یہ واحد بھارتی فلم نہیں جسے پاکستانی اداکار کو کاسٹ کرنے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہوا۔

قبل ازیں فواد خان کی فلم ’ابیر گلال‘ کی ریلیز کو بھی غیر معینہ مدت کے لیے روک دیا گیا، جب بھارت نے اپریل میں پہلگام حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا، جس کی پاکستان کئی بار تردید بھی کر چکا ہے۔

چونکہ ’اینا نوں رہنا سہنا نئیں آندا‘ کی زیادہ تر ٹیم کینیڈین نژاد بھارتیوں پر مشتمل ہے، اسی لیے فوری طور پر بھارتی ہندوؤں نے اس میں پاکستانی اداکاروں کے کام پر اعتراض نہیں کیا۔

ممکنہ طور پر مذکورہ فلم کو بھی بھارت کے علاوہ دیگر ممالک میں ریلیز کیا جائے گا، اسے پاکستان میں بھی ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

خیبرپختونخوا اسمبلی میں نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب پر سیاسی ہلچل

خیبرپختونخوا اسمبلی میں آج نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے اجلاس طلب کر لیا گیا …