پیر , اکتوبر 13 2025

کے ایس ای-100 انڈیکس میں 200 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں بھی جمعہ کو خریداری کا رجحان برقرار رہا کیونکہ سرمایہ کاروں نے امریکہ کی جانب سے پاکستان پر عائد جوابی محصولات میں کمی کا خیرمقدم کیا ہے۔

ابتدائی کاروبار کے دوران بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 200 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

صبح 10 بج کر 15 منٹ پر، بینچ مارک انڈیکس 214.84 پوائنٹس یا 0.15 فیصد اضافے سے 139,605.26 پوائنٹس پر جاپہنچا۔

اہم شعبوں میں بھرپور خریداری دیکھنے میں آئی جن میں سیمنٹ، کمرشل بینکس، کھاد، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیاں اور آئل مارکیٹنگ کمپنیاں شامل تھیں۔ ایم اے آر آئی، او جی ڈی سی، ایس این جی پی ایل، ایس ایس جی سی اور ایف ایف سی مثبت زون میں دکھائی دیے۔

ایک اہم پیش رفت کے طور پر امریکی انتظامیہ نے پاکستانی مصنوعات کی ایک وسیع رینج پر 19 فیصد جوابی محصول عائد کیا ہے جو کہ ابتدائی طور پر تجویز کردہ 29 فیصد کی نسبت نمایاں طور پر کم ہے۔ یہ اقدام صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دستخط کردہ ایک وسیع نئے ایگزیکٹو آرڈر کے تحت کیا گیا۔

جمعرات کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی جب سرمایہ کاروں کے اعتماد نے تجارتی ماحول پر غلبہ پا لیا۔ یہ اچانک اضافہ اُس وقت سامنے آیا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک حیران کن ٹویٹ میں پاکستان کے ساتھ ایک تاریخی تجارتی معاہدے کا اعلان کیا۔

گزشتہ روز بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 978 پوائنٹس یعنی 0.71 فیصد کا اضافہ ہوا، جس کے بعد انڈیکس 139,390.42 پوائنٹس پر بند ہوا۔

بین الاقوامی سطح پر جمعہ کو ایشیائی حصص میں کمی دیکھنے میں آئی جب امریکہ نے درجنوں تجارتی شراکت داروں پر بھاری محصولات عائد کر دیے۔ اس کے ساتھ ہی سرمایہ کار بے چینی سے امریکی روزگار کے اعداد و شمار کے منتظر ہیں، جو اگلے ماہ فیڈرل ریزرو کی شرح سود میں ممکنہ کمی کے فیصلے کو متاثر کر سکتے ہیں۔

About Aftab Ahmed

Check Also

لاہور ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان کے 5 وکٹوں پر 313 رنز

شان مسعود، امام الحق کی نصف سنچریاں، رضوان اور سلمان علی آغا کی شراکت نے …