منگل , اکتوبر 14 2025

پی ایس ایکس میں آج بھی مثبت رجحان

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں بدھ کو بھی مثبت رجحان دیکھا جارہا ہے، ٹریڈنگ کے ابتدائی لمحات میں کے ایس ای 100 انڈیکس میں تقریباً 700 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

صبح 9 بج کر 35 منٹ پر بینچ مارک انڈیکس 662.94 پوائنٹس یا 0.48 فیصد اضافے سے 140,082.55 پر جاپہنچا۔

اہم شعبوں میں خریداری دیکھنے میں آئی جن میں آٹوموبائل اسمبلرز، کمرشل بینکس، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیاں، آئل مارکیٹنگ کمپنیز (او ایم سیز)، بجلی کی پیداوار اور ریفائنری شامل ہیں۔ پی او ایل، حبکو، ایس این جی پی ایل، او جی ڈی سی، پی پی ایل، این آر ایل ،ماری اور ایس ایس جی سی مثبت زون میں دکھائی دیے۔

یاد رہے کہ سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بحالی کے بعد منگل کو اسٹاک ایکسچینج میں نمایاں تیزی دیکھی گئی۔ کاروباری رہنماؤں اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے درمیان ملاقات کے بعد سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا جب کہ حکومت کی سینیٹ میں اکثریت حاصل کرنے سے سیاسی غیر یقینی صورتحال میں مزید کمی آئی۔

منگل کو بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 1,202 پوائنٹس یا 0.87 فیصد اضافے سے 139,419.62 پوائنٹس پر بند ہوا۔

منگل کو وفاقی چیمبر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملک کی کاروباری برادری کو ملکی معاشی ترقی کے لیے اپنی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ملاقات کے دوران آرمی چیف عاصم منیر نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو ہدایت کی کہ وہ گرفتاری کے اختیارات اور سزاؤں کے معاملے پر تاجروں سے مکالمہ کرے۔

وفاقی چیمبر کے مطابق کاروباری برادری فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بے حد شکر گزار ہے کہ انہوں نے فوری طور پر ہدایت جاری کی کہ سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کی شق 37A اور 37B کے تحت شامل کی گئی گرفتاری سے متعلق نئی دفعات کو مؤخر کیا جائے، اور ایف بی آر کو ہدایت دی کہ وہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بامقصد اور حل پر مبنی مکالمہ کرے اور ان کے تحفظات کو دور کرے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

سمندری کیبل کی مرمت سے انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کا امکان

پی ٹی سی ایل کے مطابق بین الاقوامی کیبل کی مرمت کا کام آج صبح …