
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز زبردست تیزی کے باعث 100 انڈیکس نے ایک بار پھر ایک لاکھ 39 ہزار کی حد عبور کر لی۔
دوران ٹریڈنگ بازار حصص کے 100 انڈیکس میں ایک ہزار 594 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ ہوا جس کے بعد 100 انڈیکس ایک لاکھ 39 ہزار 812 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں ایک روزہ مندی کے بعد منگل کو مثبت رجحان واپس آگیا جس کے نتیجے میں کاروبار کے ابتدائی سیشن کے دوران بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 500 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا۔
صبح 9 بجکر 40 منٹ پر بینچ مارک کے ایس ای انڈیکس 545.47 پوائنٹس یا 0.39 فیصد اضافے سے 138,763.05 پوائنٹس پر جاپہنچا۔
اہم شعبوں میں خریداری دیکھی گئی جن میں کمرشل بینکس، سیمنٹ، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیاں، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں (او ایم سیز)، بجلی کی پیداوار اور ریفائنری شامل ہیں۔ ماری، اوجی ڈی سی ، پی پی ایل، پی او ایل، پی ایس او، ایس این جی پی ایل، حبکو، ایم سی بی اور ایم ای بی ایل مثبت زون میں دکھائی دیے۔
پیر کو اسٹاک ایکسچینج نے نئے ہفتے کا آغاز اتار چڑھاؤ کے ساتھ کیا۔ مندی کی بڑی وجہ سرمایہ کاروں کی جانب سے جولائی کے اختتام سے قبل منافع سمیٹنے کا رجحان اور ایک مسلسل ریکارڈ توڑ تیزی کے بعد احتیاطی رویہ تھا۔
پیر کو کے ایس ای 100 انڈیکس 379.78 پوائنٹس یا 0.27 فیصد کی کمی سے 138,217.58 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
انٹربینک مارکیٹ
انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے ابتدائی سیشن کے دوران ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں 0.05 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
صبح 10 بجے ڈالر کے مقابلے روپیہ 15 پیسے کے اضافے سے284.80 روپے کا ہوگیا۔
یاد رہے کہ پیر کو روپیہ 284.95 پر بند ہوا تھا۔