
پنجاب میں جاری مون سون بارشوں کے حوالے سے پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے تازہ ترین فیکٹ شیٹ جاری کر دی، جس میں بارشوں کے باعث اب تک 39 قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کی تصدیق کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مون سون بارشوں کا تیسرا سلسلہ 11 جولائی سے 17 جولائی تک جاری رہے گا، جس کے لیے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں رواں مون سون سیزن میں 20 بچے، 5 خواتین اور 14 مرد جاں بحق ہوئے۔جبکہ 103 افراد زخمی جبکہ 47 مکانات کو نقصان پہنچا۔خستہ حال عمارتوں کے گرنے سے 24 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں اور آسمانی بجلی گرنے سے 3، کرنٹ لگنے سے 8، اور ڈوبنے سے 8 افراد کی جانیں گئیں۔
علاوہ ازیں لاہور میں گزشتہ روز 182 ملی میٹر بارش نے معمولات زندگی درہم برہم کر دیے، کئی علاقے زیر آب آ گئے۔گزشتہ روز کی بارشوں میں مزید 2 اموات اور 31 افراد زخمی ہوئے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان عرفان علی کاٹھیا کے مطابق ممکنہ خطرات کے پیش نظر ریسکیو، ضلعی انتظامیہ اور امدادی ادارے الرٹ ہیں۔ نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے کے لیے مشینری متحرک کر دی گئی ہے۔
موسمیاتی ماہرین کے مطابق مون سون کا حالیہ سلسلہ آئندہ کئی روز تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس سے مزید لینڈ سلائیڈنگ، سیلاب اور شہری مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور حکومتی ہدایات پر عمل کریں تاکہ انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔