
پاکستان کی بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹی 20 سیریز میں سابق کپتان بابر اعظم، ون ڈے فارمیٹ کے موجودہ کپتان محمد رضوان اور فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو ڈراپ کیے جانے کا امکان ہے۔
فاسٹ باؤلر حارث رؤف ہیمسٹرنگ انجری کے باعث بنگلہ دیش کیخلاف ٹی 20 سیریز کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے جب کہ فاسٹ باؤلر نسیم شاہ اور وسیم جونیئر انجری سے صحتیابی کے بعد سلیکشن کےلیے دستیاب ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی سلیکشن کمیٹی دورہ بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے لیے ٹی 20 اور ون ڈے ٹیم کا اعلان آئندہ 24 گھنٹوں میں کرے گی۔
بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی ون ڈے اسکواڈ کا حصہ ہوں گے تاہم انہیں مختصر فارمیٹ کے اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم رواں ماہ بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی جہاں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 3 ٹی 20 میچز 20، 22 اور 24 جولائی کو شیرِ بنگلہ کرکٹ اسٹیڈیم ڈھاکا میں کھیلے جائیں گے۔
بعد ازاں قومی اسکواڈ ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹی 20 اور ون ڈے سیریز کھیلنے کے لیے امریکا اور پھر ویسٹ انڈیز جائے گا۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی 20 سیریز کے تینوں میچز بالترتیب 31 جولائی، 2 اور 3 اگست کو امریکی ریاست فلوریڈا میں کھیلے جائیں گے۔
ٹی 20 سیریز کے اختتام پر قومی ٹیم، ون ڈے سیریز کے لیے ٹرینیڈاڈ کا رُخ کرے گی جہاں دونوں ٹیموں کے مابین 3 ون ڈے میچز 8، 10 اور 12 اگست کو شیڈول ہیں۔