کٹاریاں پرپانی کی سطح 15.7، گوالمنڈی میں 14.1 فٹ تک بلند ہونے پر الرٹ جاری

اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلا دھار بارش ہوئی جبکہ کہوٹہ میں شدید بارش سے سیلابی صورتحال ، پانی مکانات اور دکانوں میں داخل ہوگیا۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش سے کئی درخت اکھڑ گئے، بجلی کے پول زمین بوس ہوگئے،
کچے مکان کی چھت گرنے سے ڈھائی سال کی بچی جاں بحق اور 3 خواتین زخمی ہوگئیں۔
طوفانی ہواؤں اور بارش کے دوران کئی علاقوں میں درخت اُکھڑ گئے، کھمبے گرگئے، نشیی علاقوں میں گٹھنوں گٹھنوں پانی جمع ہوگیا، نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 15 فٹ تک بلند ہوگئی۔
جڑواں شہروں میں مجموعی طور پر 52.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، سب سے زیادہ 131 ملی میٹر بارش سیدپور کے مقام پر ہوئی، بائیس نمبر چونگی کے علاقے میں کمرے کی چھت گرنے سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔
نالہ لئی میں کٹاریاں پرپانی کی سطح 14 اور گوالمنڈی میں ساڑھے 12 فٹ تک بلند ہے۔ حکام کے مطابق کٹاریاں پرپانی کی سطح 15.7، گوالمنڈی میں 14.1 فٹ تک بلند ہونے پر الرٹ جاری ہوگا۔
ادھر لاہور میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، سب سےزیادہ بارش پانی والا تالاب میں 74 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، لکشمی چوک میں 72، جیل روڈ پر 61 ملی میٹربارش ہوئی، قرطبہ چوک اور نشتر میں 53 ، گلبرگ اورفرخ آباد میں 52 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
پشاور میں بارش سے حبس اور گرمی کی شدت میں کمی آگئی، موسم خوشگوار ہوگیا، ادھر چارسدہ میں بھی گرج چمک اور تیز ہواؤں کیساتھ موسلادھار بارش شروع ہوگئی۔
آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے آج اور کل اسلام آباد، مری، گلیات، پنجاب، کے پی، بلوچستان اور کشمیر میں موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری ہوگیا۔ ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
ادھر بلوچستان میں قلعہ سیف اللّٰہ کی تحصیل مسلم باغ میں طوفانی بارش کے باعث درجنوں مکانات کی چھتیں اڑگئیں، بجلی کے 100 سے زائد ٹاور گر گئے۔
بارش س مواصلاتی نظام شدید متاثر ہوا، واپڈا کالونی، گرڈ اسٹیشن کالونی اور کیسکو دفاتر کو نقصان ہوا۔