
پاکستان نے جاپان کو شکست دے کر ایشین یوتھ نیٹ بال چیمپئن شپ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی، پاکستان نیٹ بال فیڈریشن نے ایونٹ کے فائنل میں پہنچنے پر قومی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
پاکستان نے جمعرات کو جنوبی کوریا کے شہر جیونجو سی میں جاری ایشین یوتھ نیٹ بال چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں جاپان کو 39 کے مقابلے میں 64 پوائنٹس سے شکست دے کر فائنل میں شاندار رسائی حاصل کر لی، ٹورنامنٹ کے دوران گرین شرٹس ناقابلِ شکست رہی ہیں۔
میچ کی شروعات سے ہی پاکستانی ٹیم نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور پہلے کوارٹر میں جاپان پر 7-21 کی برتری حاصل کرلی، ہاف ٹائم تک پاکستان نے اس برتری کو بڑھا کر 19-34 کر دیا۔

تیسرے کوارٹر کے اختتام پر پاکستان 28-42 سے آگے رہی اور آخر میں میچ 39-64 کے اسکور پر ختم کرتے ہوئے فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی۔
پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق میچ میں لیئا رضا شاہ، علیشہ نوید، سمیہ کوثر، حلیمہ، یاسمین فاروق، سمیہ، یاسمین، آمانی، پریسا اور فرح رشید نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر، چیئرمین اور سیکریٹری جنرل نے سیمی فائنل جیتنے پر قومی ٹیم کو مبارکباد دی۔
پاکستان جمعہ کو فائنل میں مالدیپ یا چائنیز تائپے کے خلاف میدان میں اُترے گا، یاد رہے کہ اتوار کو گروپ مرحلے کے چوتھے میچ میں بھی پاکستان نے جاپان کو 39-79 سے شکست دی تھی۔