
کراچی، پنجاب ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بارشوں کے دوران حادثات کے نتیجے میں 8 بچوں، خواتین سمیت 44 افراد جاں بحق ہوگئے،
شہر قائد کے علاقے نیو کراچی، کورنگی، گولیمار میں کرنٹ لگنے سے3افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ لیاری میں مخدوش عمارت کی چھت سےگر کر باپ اورکمسن بیٹی جاں بحق جبکہ خاندان کے دیگر5 افراد زخمی ہوگئے،
خیبرپختونخوا میں بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 8 بچوں اور خواتین سمیت 19 افراد جاں بحق جبکہ پنجاب میں بارش کے دوران چھت گرنے اور دیگر واقعات میں بچوں سمیت 15افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے اور دیوار گرنے سمیت مختلف حادثات میں بچے سمیت 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔
صوبہ خیبر پختونخوا میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران اب تک ہونے والی بارشوں، تیز آندھی ، فلش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث حادثات کے نتیجے میں 19 افراد جاں بحق اور6 افراد زخمی ہوئے۔
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا کی جانب سے بارش، سیلاب/فلش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث صوبہ میں جانی و مالی نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 6 مرد ، 5 خواتین اور 8 بچے جبکہ زخمیوں میں 3 مرد اور 3 خواتین شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بارش کے باعث مجموعی طور پر 56 گھروں کو نقصان پہنچا جس میں 50 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا اور 6 مکمل طور پر منہدم ہوئے، حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع سوات، ایبٹ آباد، چارسدہ، ملاکنڈ، شانگلہ، دیر لوئر اور تورغر میں پیش آئے۔
رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ متاثرہ ضلع سوات رہا جس میں 13 افراد جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہوئے۔
ادھر لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہرو ں میں ہفتے کےروز بھی بارش ہوئی جس سے گرمی کی شدت میں کمی آئی تاہم حبس بڑھ گیا ۔
پی ڈی ایم اے نے صوبہ بھر میں بارش اور آندھی کے باعث حادثات کی رپورٹ جاری کردی ، موسلادھار بارش سے چھتیں اور دیواریں گرنے کے مختلف واقعات رپورٹ ہوئے۔
ترجمان کے مطابق 25 جون سے 27 جون تک مختلف شہروں میں 25حادثات رپورٹ ہوئے۔
مختلف حادثات میں 12 افراد جاں بحق، 39 زخمی ہوئے، چھتیں اور دیواریں گرنے سے زیادہ اموات ہوئیں، چھتیں اور دیواریں گرنے کے 28 واقعات پیش آئے، بہاولنگر، فیصل آباد، خانیوال میں بھی حادثات رپورٹ ہوئے۔
بلوچستان کے علاقے ژوب میں پکنک منانے کیلئے آنے والی فیملی کی گاڑی سیلابی ریلے کی نذر ہو گئی بچی اور خواتین سمیت چار افراد جاں بحق دو زخمی ہو گئے۔
گاڑی میں سوار خاندان پکنک منانے آیا تھا، سلیازہ ندی میں بیٹھے ہوئے اچانک سیلابی ریلہ گاڑی سمیت بہا لے گیا