google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں ارشد ندیم کا ایک اور گولڈ میڈل - UrduLead
جمعہ , جون 6 2025

ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں ارشد ندیم کا ایک اور گولڈ میڈل

اولمپک مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں بھی ارشد ندیم نے گولڈ میڈل اپنے نام کرکے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کر دیا۔

اولمپک چیمپئن ارشد ندیم نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے مینز جیولن فائنل میں ایک شاندار 86.40 میٹر کی تھرو کر کے میدان میں کامیابی حاصل کی، یہ مقابلہ جنوبی کوریا کے شہر گومی میں منعقد ہو رہا تھا۔

بھارت کے سچن یادو نے 85.16 میٹر تھرو کے ساتھ چاندی کا تمغہ حاصل کیا، جب کہ جاپان کے یوٹا ساکی یاما نے 83.75 میٹر تھرو کے ساتھ کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔

چند ابتدائی تھرو میں سبقت حاصل کرنے کے بعد سری لنکا کے رومیش تھارنگا پاتھیرجے 83.27 میٹر تھرو کے ساتھ چوتھے نمبر پر آگئے، اور پوڈیم سے باہر ہو گئے۔

پاکستان کے یاسر سلطان نے 75.39 میٹر تھرو کے ساتھ آٹھویں پوزیشن حاصل کی، جب کہ بھارت کے یش ویر سنگھ ذاتی بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے 82.57 میٹر تھرو کے ساتھ ان سے آگے پانچویں نمبر پر رہے۔

چین کے ہو ہاورن نے سیزن کی بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے 80.93 میٹر تھرو کے ساتھ چھٹی پوزیشن حاصل کی، جب کہ سری لنکا کے سومیڈھا جاگت رانا سنگھے مدیانسیلاگے نے 79.81 میٹر تھرو کے ساتھ ساتویں پوزیشن حاصل کی۔

فائنل کے بعد ’ڈان ڈاٹ کام‘ سے بات کرتے ہوئے ارشد ندیم کے کوچ سلمان بٹ نے کہا کہ یہ ایک اچھی کارکردگی تھی، خاص طور پر اس لیے کہ یہ اس سیزن کا ان کا پہلا مقابلہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ اگر گزشتہ روز کے ہیٹس اور فائنل کے درمیان ایک دن کا وقفہ ہوتا تو وہ بہتر ریکوری کر پاتے اور تھرو بھی بہتر ہو سکتا تھا، لیکن یہ اچھا آغاز ہے۔

ارشد ندیم، جو پیرس 2024 میں 92.97 میٹر کی زبردست تھرو کے ساتھ اولمپک ریکارڈ کے حامل ہیں، ایشین چیمپئن شپ کا 86.72 میٹر کا ریکارڈ توڑنے سے بال بال رہ گئے۔

انہوں نے مقابلے کا آغاز قدرے سست انداز میں کیا، پہلی دو کوششوں میں 75.64 میٹر اور 76.80 میٹر تھرو کی، پھر تیسری کوشش میں 85.57 میٹر کی تھرو کے ساتھ سبقت حاصل کی۔

اس کے بعد 83.99 اور 83.44 میٹر کی تھروز کیں، اور آخر میں چھٹی اور آخری کوشش میں 86.40 میٹر کی شاندار تھرو کر کے طلائی تمغہ جیتا۔

جب ارشد ندیم پہلی بار میدان میں آئے تو سب کی نظریں ان پر تھیں، اور تماشائی پاکستانی جھنڈے لہرا رہے تھے۔

اسٹیڈیم میں ’دل دل پاکستان‘ گونج رہا تھا، اور شائقین جیولین سپر اسٹار کی بڑی تھرو کا شدت سے انتظار کر رہے تھے، جو گزشتہ سال کی پیرس اولمپکس کے بعد پہلی بار بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کر رہے ہیں۔

گزشتہ روز کے ہیٹس میں ندیم نے پہلی اور واحد کوشش میں شاندار 86.34 میٹر تھرو کر کے باآسانی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا تھا، یاسر نے ہیٹس میں 76.07 میٹر کی تھرو کی تھی۔

فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کے بعد ارشد ندیم نے انسٹاگرام پر لکھا کہ ہمیشہ کی طرح آپ کی دعاؤں اور سپورٹ کی ضرورت ہے۔

ندیم کا یہ طلائی تمغہ ایشین چیمپئن شپ میں پاکستان کا پہلا اور واحد تمغہ ہے۔

اس سے قبل ہفتے کے آغاز میں پاکستان کی تیز ترین خاتون ایتھلیٹ تمیم خان نے خواتین کی 100 میٹر دوڑ کے ہیٹس میں 12.14 سیکنڈز کے ساتھ 17ویں پوزیشن حاصل کی۔

ارشد ندیم جلد ہی ستمبر میں ہونے والی ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کی تیاری کے لیے انگلینڈ روانہ ہوں گے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

پاکستان میں کرپٹو شعبے کے ضابطہ کار کے لیے اہم پیش رفت

پاکستان کرپٹو کونسل (PCC) کا جائزہ اجلاس گزشتہ روز وزارتِ خزانہ میں منعقد ہوا، اجلاس …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے