
پاکستان سپر لیگ 10 کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان کردیا گیا، شاہین شاہ آفریدی کپتان ہوں،
کراچی کنگز کے سب سے زیادہ 4 کھلاڑی ٹیم کا حصہ ہیں، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کے 3،3 پلیئر شامل ہیں
پی ایس ایل 10 میں لاہور قلندرز کو 4 سال میں تیسرا ٹائٹل دلانے والے شاہین شاہ آفریدی کو ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا کپتان مقرر کردیا گیا۔
پاکستان سپر لیگ 10 کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا انتخاب کمنٹری ٹیم کے اراکین نے کیا۔
پاکستان سپر لیگ دس 11 اپریل سے 25 مئی تک 4 شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلی گئی، لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں فائنل میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 وکٹوں سے شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں لاہور قلندرز سے کپتان شاہین آفریدی کے علاوہ سکندر رضا اور فخر زمان بھی شامل ہیں، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے حسن نواز، فہیم اشرف اور ابرار احمد بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔
ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کے دیگر کھلاڑیوں میں کراچی کنگز سے ڈیوڈ وارنر، جیمز ونس اور حسن علی، اسلام آباد یونائیٹڈ سے صاحبزادہ فرحان، پشاور زلمی سے علی رضا شامل ہیں۔
ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں سلیکٹرز نے کراچی کنگز کے خوشدل شاہ کو 12ویں کھلاڑی کے طور پر شامل کیا ہے۔