
کراچی کی مقامی عدالت نے فراڈ اور غبن کے الزامات میں گرفتار ماڈل، اداکارہ و میک اپ آرٹسٹ نادیہ حسین کے شوہر عاطف محمد خان کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔
ڈان اخبار کے مطابق عاطف محمد خان نے اپنے وکلا کے توسط سے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (جنوبی) احسان ملک کی عدالت میں بعد از گرفتاری ضمانت درخواست دائر کی تھی، جسے عدالت نے مسترد کردیا۔
سماعت کے دوران عاطف محمد خان کے وکلا نے عدالت کو بتایا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارہ (اے ایف آئی) ان کے موکل کے خلاف الزامات کے شواہد پیش کرنے میں ناکام رہا ہے، ایف آئی اے نے آڈٹ تک فراہم نہیں کیا۔
وکلا کے مطابق روایتی تفتیش میں ان اکاؤنٹس کے آڈٹ کے کوئی ذکر نہیں کیا گیا، جن سے متعلق ان کے موکل پر الزامات ہیں۔
عدالت میں نجی بینک کے وکلا نے عاطف محمد خان کی درخواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کمپنی کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) تھے، وہ کرپشن اور فراڈ میں ملوث ہیں، انہوں نے کمپنی کے پیسے ذاتی کاروبار میں استعمال کیے۔
عدالت نے دونوں فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد نادیہ حسین کے شوہر عاطف محمد خان کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔
خیال رہے کہ محمد عاطف خان کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے 10 مارچ کو 64 کروڑ روپے سے زائد کے فراڈ کیس میں گرفتار کیا تھا اور ان سے تفتیش جاری ہے۔
نادیہ حسین کے شوہر پر الزام ہے کہ انہوں نے بینک کے 80 کروڑ روپے کا غلط استعمال کرکے ذاتی کاروبار کے لیے 65 کروڑ 40 لاکھ روپے کے فنڈز تیسری پارٹی سے وصول کیے اور وصول شدہ رقم پر کمپنی کے ہی پیسوں سے بھاری منافع بھی ادا کیا۔
بعد ازاں یہ معاملہ بھی سامنے آیا تھا کہ انہوں نے اپنی بیوی نادیہ حسین کے سیلون کے اکاؤنٹس میں بھی بھاری رقم منتقل کی اور اسی کیس میں ماڈل و اداکارہ ایف آئی اے میں پیش بھی ہوئی تھیں، انہوں نے اپنا بیان بھی ریکارڈ کروایا تھا۔