
ملک کے بالائی علاقوں میں موسم خوشگوار ہونے لگا ہے۔ اسلام آباد اور گردونواح میں ہلکی بوندا باندی نے گرمی کی شدت کم کر دی جبکہ مری اور گلیات میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم مزید خوشگوار ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا، پنجاب، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود ہے اور بعض علاقوں میں بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
چترال، دیر، سوات، شانگلہ اور دیگر بالائی علاقوں میں آئندہ دو روز تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت بدستور برقرار ہے۔
سبی، جیکب آباد، لاڑکانہ، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان، خوشاب اور بھکر میں درجہ حرارت آج بھی زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کے حالیہ سلسلے سے درجہ حرارت میں وقتی کمی آئے گی، تاہم جنوبی خطوں میں گرمی کی لہر تاحال برقرار رہے گی۔