
پاکستان اور بھارت پر جنگ کے بادل چھانے کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں شدید ترین مندی دیکھی گئی اور دن کے اختتام پر بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 6 ہزار 482 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق کے ایس ای-100 انڈیکس 6 ہزار 482 پوائنٹس یا 5.89 فیصد تنزلی سے ایک لاکھ 10 ہزار 9 پوائنٹس پر آگئی، جو گزشتہ روز ایک لاکھ 3 ہزار 526 پوائنٹس پر بند ہوئی تھی۔
یہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تاریخ کی دوسری سب سے بڑی ایک روزہ کمی ہے، اس سے قبل گزشتہ ماہ امریکا کی جانب سے ٹیرف کے اعلان کے بعد 8,700 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق عارف حبیب لمیٹڈ کی ہیڈ آف ریسرچ ثنا توفیق نے بتایا کہ کشیدگی میں مزید اضافے کی صورت میں فروخت کا دباؤ اس وقت تک برقرار رہے گا جب تک وضاحت حاصل نہیں ہو جاتی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت کے بزدلانہ حملے کے بعد صبح مارکیٹ کے آغاز کے فوراً بعد تقریباً ساڑھے 9 بجے 100 انڈیکس 6 ہزار 560 پوائنٹس یا 5.78 فیصد تنزلی کے ساتھ ایک لاکھ 7 ہزار 7 پوائنٹس پر آگیا تھا، اس شدید مندی کے باعث مارکیٹ کو عارضی طور پر معطل کرنا پڑا تھا۔
بعد ازاں مارکیٹ میں کچھ بحالی دیکھنے میں آئی تھی اور کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای-100 انڈیکس ایک لاکھ 10 ہزار 9 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
چیس سیکیورٹیز کے ریسرچ ڈائریکٹر یوسف ایم فاروق نے کہا تھا کہ مارکیٹ کا آغاز آج دباؤ کے ساتھ ہوا، جس کی وجہ بھارت کی جانب سے غیر مسلح شہریوں پر حملے تھے۔
وینچر فرمز کے چیف انویسٹمنٹ افسر شہباز اشرف نے بھی اس مندی کو بھارت کی جانب سے متعدد پاکستانی مقامات پر حملوں کے بعد بڑھتی ہوئی جغرافیائی سیاسی کشیدگی کو قرار دیا تھا۔