
وزیر اعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ رات بھارت نے جارحیت کرکے جو فاش غلطی کی، اس کا خمیازہ اب اسے ضرور بھگتنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ شاید وہ سمجھ بیٹھے تھے کہ ہم پیچھے ہٹ جائیں گے لیکن وہ یہ بات بھول گئے کہ یہ بہادروں کی قوم ہے، جو اپنے عزم میں فولادی ہے، جس کے سپوتوں نے خود کو میدان جنگ سے نکھارا ہے، جو اپنے وطن کی عزت اور حفاظت کے لیے خون کے آخری قطرے تک لڑنے کے لیے تیار ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات پوری دنیا نے دیکھا کہ عددی اعتبار سے کئی گنا بڑے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے میں صرف چند گھنٹے لگے اور اللہ کے فضل و کریم سے ہمارے شاہینوں نے فضا میں ایسا طوفان برپا کیا کہ دشمن چیخ اٹھا، بھارت کے 5 جنگی طیارے، جو ان کا غرور تھے، اب صرف راکھ، ملبہ اور نشان عبرت بن چکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ ہمارا دندان شکن جواب تھا جس میں اسکوارڈن لیڈر ایم ایم عالم کی گرج تھی، جو کل رات دوبارہ پورے زور سے گونجی اور ہمارے شاہینوں نے دشمن پر ایسی کاری ضربیں لگائیں، جو وقت کا مرہم بھی کبھی نہیں بھر سکے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ بھارت کے بزدلانہ حملوں نے 26 معصوم شہری شہید اور 46 زخمی ہوئے، ان میں بچے اور خواتین شامل ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ابھی ایک بچے کی نماز جنازہ پڑھ کر آئے ہیں، اس کی عمر صرف 7 سال تھی، اپنی والدہ اور بھائی کے ساتھ گھر پر تھا کہ اسپرنٹر لگا اور وہ اللہ تعالیٰ کو پیارہ ہو گیا، دل پر ہاتھ رکھ کر بتائیں کہ ننھا منہ پھول کھیلنے سے پہلے مرجھا گیا۔
انہوں نے کہا کہ شہادت کے بلند رتبے پر ایسے ہی فائز ہونے والے ہمارے دوسرے عظیم پاکستانیوں کو قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے، اور پورا پاکستان ان شہدا کے خاندانوں کے ساتھ ہے اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ ان شہیدوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا ضرور حساب لیا جائے گا، یہ وہ بزدل دشمن ہے، جو نہتے انسانوں پر وار کرکے خود کو طاقتور سمجھتا ہے، لیکن کل رات ہم نے ثابت کر دیا کہ پاکستان اپنے دفاع میں منہ توڑ جواب دینا جانتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج پوری قوم اپنی بہادر افواج کی جرات اور دلیری کو سلام پیش کرتی ہے، لائن آف کنٹرول پر ایک گھنٹے پر محیط جاری رہنے والی فضائی جنگ میں پاکستانی پائلٹس نے اپنی سرحدی حدود میں رہتے ہوئے اعلیٰ ترین اور پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور بے مثال شجاعت سے دشمن کے جہازوں کے پرخچے اڑا دایے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات کے معرکے میں پاکستان نے روایتی ہتھیاروں کی جنگ میں بھی اپنی برتری دشمن پر ایک مرتبہ پھر ثابت کردی، میں اس موقع پر چیئرمین جوائنٹس چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، بری فوج کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر، فضائیہ کے سربراہ ایئر مارشل ظہیر احمد بابر اور بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سمیت افواج پاکستان کے ہر سپاہی اور افسر کو سلام پیش کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ (عوام) کو یقین دلاتا ہوں کہ 24 کروڑ پاکستانیوں کو آپ پر فخر اور ناز ہے، میری عزیز ہم وطنو! پہلگام واقعے کے آڑ میں بھارتی حملہ بے بنیاد اور بلا جواز ہے، امن پسند ملک کے طور پر پاکستان نے اس واقعے کی غیرجانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کی تھی، جس کی دنیا نے بھرپور تائید کی لیکن بھارت نے عالمی قانون اور بین الاقوامی تقاضوں کو پامال کرتے ہوئے جارحیت کا راستہ اختیار کیا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مقبوضہ جموں کشمیر ایک مسلمہ تنازع تھا، ہے اور اس وقت تک رہے گا جب تک کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو اقوام متحدہ کے زیر نگرانی، آزادنہ، غیر جانبدارانہ ماحول میں حق رائے دہی نہیں مل جاتا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بھارت بے شک 100 یکطرفہ فیصلے کر لے مگر اس سے حقیقت کبھی نہیں بدلے گی، میرے بھائیوں اور بہنوں! اس خطے میں دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک پاکستان ہے، ہم نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار قیمتیں شہادتیں دیں، 152 ارب ڈالر سے زائد کے مالی نقصان برداشت کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ بھارت کی خام خیالی ہے کہ اس کی موجودہ مہم جوئی دہشتگرد کے خاتمے کی جنگ سے ہماری توجہ ہٹا سکے گی، ہم اس جنگ کو منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی عزت، سالمیت اور دفاع کے لیے فوج اور عوام یک جان 2 قالب ہیں، 24 کروڑ پاکستانی نتائج سے بے پرواہ ہو کر اپنی بہادر افواج کے ساتھ مل کر دشمن کا مقابلہ کریں گے، اور باطل کو شکست فاش دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وطن کی سالمیت کے لیے آپ کے عزم و ہمت اور جذبے کو سلام پیش کرتا ہوں کیونکہ آپ سچائی کے لیے لڑ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت نے گزشتہ رات، اندھیرے میں پاکستان کے شہری علاقوں پر حملہ کرکے طبل جنگ بجادیا تھا۔
بھارتی حملے کے بعد پاکستان کی مسلح افواج نے بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 جنگی طیارے گرائے اور ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر سمیت متعدد فوجی چیک پوسٹوں کو تباہ کردیا تھا۔
بعد ازاں، بھارتی فوج نے ایل اوسی کے چورا کمپلیکس پر سفید جھنڈ الہرا کر شکست تسلیم کرلی تھی۔