
کراچی میں اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت انٹر کے سالانہ امتحانات کا آغاز ہوگیا ہے، جس میں 1 لاکھ 26 ہزار 500 سے زائد طلبہ و طالبات صبح اور شام کی شفٹوں میں شریک ہو رہے ہیں۔
اس موقع پر امتحانات کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
انٹر بورڈ کے امتحانات دو شفٹوں میں لیے جا رہے ہیں۔ صبح کی شفٹ میں 92 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات شامل ہیں، جنہوں نے سائنس پری میڈیکل سمیت دیگر مضامین کا امتحان دینا ہے۔
صبح کی شفٹ کا امتحان صبح 9 بجے سے 12 بجے تک ہوگا، جس میں آج گیارہویں جماعت کا میتھمیٹکس کا پرچہ لیا جائے گا۔
شام کی شفٹ میں 34 ہزار 500 سے زائد امیدوار شریک ہوں گے، اور اس میں دوپہر 2 بجے سے 5 بجے تک سائنس جنرل کے امتحانات ہوں گے۔
کراچی میں مجموعی طور پر 182 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 122 امتحانی مراکز صبح کی شفٹ میں جبکہ 60 شام کی شفٹ میں ہیں۔
ان مراکز میں 36 انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں، جہاں خصوصی سیکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں۔
چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی غلام حسین سوہو نے بتایا کہ امتحانات کے دوران امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو خطوط ارسال کیے گئے ہیں۔
36 حساس امتحانی مراکز پر خصوصی سیکیورٹی تعینات کی گئی ہے اور نقل کی روک تھام کے لیے مانیٹرنگ سیل قائم کیے گئے ہیں۔
مزید برآں شہر کے تمام ڈسٹرکٹس میں ڈپٹی کمشنر آفسز میں شکایتی سیل بھی قائم کیے گئے ہیں، جہاں انٹر بورڈ کے نمائندے موجود ہوں گے۔
امتحانات کے دوران گرمی کی شدت کے پیش نظر ریسکیو 1122 کی خدمات حاصل کرنے کے لیے بھی انتظامات کیے گئے ہیں۔
امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ ہے، جس کے تحت غیر متعلقہ افراد کی آمدورفت اور فوٹو اسٹیٹ مشینوں کی دکانیں کھولنے پر سخت پابندی ہے۔
تمام امتحانی مراکز میں پرچوں کی ترسیل جاری ہے اور ہر پرچے میں اس امتحانی مرکز کا کوڈ شامل کیا گیا ہے تاکہ اگر کسی پرچے کا کسی مرکز سے لیک ہونے کا شبہ ہو تو فوراً اس کا پتہ چلایا جا سکے۔
چیئرمین بورڈ نے بتایا کہ نقل کی روک تھام کے لیے 16 سپر ویجی لینس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو امتحانات کے دوران کسی بھی قسم کی نقل کو روکنے کے لیے سخت نگرانی کریں گی۔
امتحانی مراکز میں موبائل فونز اور دیگر ڈیوائسز کے استعمال پر بھی پابندی ہے، اور ایسی کسی بھی چیز کو ضبط کر لیا جائے گا۔
چیئرمین غلام حسین سوہو نے مزید کہا کہ انٹر کے امتحانات کے نتائج دو ماہ کے اندر اعلان کر دیے جائیں گے۔ امتحانات بروز جمعرات 29 مئی 2025 تک جاری رہیں گے۔