
دی اولمپک کونسل آف ایشیا (او سی اے) نے 2026 میں جاپان کے شہر ناگویا میں ہونے والے 20ویں ایشین گیمز میں کرکٹ کے کھیل کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کھیلوں کی ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق جاپان میں 19 ستمبر سے 4 اکتوبر 2026 تک ہونے والے ناگویا ایشین گیمز میں کرکٹ کا کھیل جاری رہے گ۔ا
ابتدائی طور پر یہ فیصلہ ہوا ہے کہ یہ میچز جاپان میں ایچی پریفیکچر کے مقام پر ہوں گے تاہم اس حوالے سے ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
دی اولمپک کونسل آف ایشیا کے مطابق ایشن گیمز میں کرکٹ کو شمولیت کے حوالے سے تازہ ترین پیش رفت 28 اپریل کو جاپان کے شہر ناگویا سٹی ہال میں ہونے والے ایشین گیمز کی جاپانی آرگنائزرز کمیٹی (ایناجوک) بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں ہوئی۔
اجلاس کے دوران، ایشن گیمز میں کرکٹ اور مکسڈ مارشل آرٹس کو باضابطہ طور پر منظور کیا گیا۔
یاد رہے کہ کرکٹ کو چوتھی بار ایشین گیمز میں شامل کیا جارہا ہے، پہلی بار گوانگژو 2010 (چین کا شہر) اور دوسری بار انچیون 2014 (جنوبی کوریا کا شہر) میں کرکٹ کو بین الاقوامی حیثیت نہیں دی گئی تھی۔
تاہم، چین کے شہر ہانگژو میں 2023 میں ہونے والے ایشین گیمز میں کرکٹ کو ٹی20 انٹرنیشنل کا درجہ دیا گیا۔
2023 کے ایشین گیمز میں مردوں کے مقابلے میں بھارت نے سونے کا تمغہ جیتا تھا جب کہ افغانستان نے چاندی اور بنگلہ دیش نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔
اسی طرح، خواتین کے مقابلوں میں بھارت اور بنگلہ دیش نے بالترتیب سونے اور کانسی کا تمغہ جیتا جب کہ چاندی کا تمغہ سری لنکا کے نام رہا۔
کرکٹ میں مردوں اور خواتین کی کیٹیگریز میں ان ممالک کے علاوہ پاکستان، نیپال، مالدیپ، منگولیا، ہانگ کانگ، جاپان، کمبوڈیا، تھائی لینڈ، ملائیشیا، سنگاپور اور انڈونیشیا بھی شامل تھے۔
خیال رہے کہ 2028 میں لاس اینجلس میں شیڈول اولمپکس میں ایک صدی بعد کرکٹ کے کھیل کو شامل کیا جارہا ہے جس کے لیے مردوں اور خواتین کی 6،6 ٹیمیوں کو شامل کیا گیا ہے جو ٹی20 فارمیٹ کھیلیں گی۔
تاہم، لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں کون کون سی ٹیمیں شامل ہوں گی، اس حوالے سے ابھی تک کوالیفیکیشن کے معیار پر کوئی واضاحت نہیں آئی ہے۔
اکتوبر 2023 میں انٹرنیشنل اولپمک کمیٹی (آئی او سی) کی منظوری کے بعد کرکٹ اور فلیگ فٹ بال سمیت 5 کھیلوں کو لاس اینجلس گیمز 2028 میں شامل کرلیا گیا تھا۔
ممبئی میں منعقدہ انٹرنیشنل اولپمک کمیٹی کے اجلاس میں کرکٹ کے علاوہ لیکروس، اسکواش اور بیس بال-سافٹ بال کی بھی 2028 کے گیمز کے لیے منظوری دی گئی تھی۔
واضح رہے کہ اولمپکس میں ایک صدی بعد کرکٹ کی واپسی ہورہی ہے، سال 1900 میں آخری بار پیرس گیمز میں کرکٹ کا کھیل کھیلا گیا تھا جس میں برطانیہ نے فرانس کو شکست دی تھی۔