
معروف پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کی بھارتی فلم سردار جی 3 مشکلات کا شکار ہوگئی ہے۔ پہلگام واقعہ کے بعد فلمی حلقوں میں یہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ مذکورہ فلم پر پابندی لگ سکتی ہے
پاکستان کی معروف ترین اداکارہ ہانیہ عامر، جو اس وقت انسٹاگرام پر 18.3 ملین فالوورز کے ساتھ سوشل میڈیا کی مقبول ترین شخصیت مانی جاتی ہیں، حال ہی میں بھارتی پنجابی فلم سردار جی 3 میں کام کرنے کے حوالے سے خبروں کی زینت بنیں۔
اس فلم میں دلجیت دوسانج اور نیرو باجوہ مرکزی کرداروں میں شامل ہیں، جب کہ فلم کی شوٹنگ چند ماہ قبل برطانیہ میں مکمل کی گئی۔
ہانیہ عامر اور ان کے مداح فلم کی ریلیز کے لیے خاصے پرجوش تھے، لیکن پچھلے دنوں پیش آنے والے پہلگام واقعے کے بعد فلم کی ریلیز مشکلات کا شکار ہوگئی ہے۔
بھارتی سوشل میڈیا پر فلم کے حوالے سے منفی جذبات سامنے آنے کے بعد یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ فلم پر پابندی لگ سکتی ہے۔
پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کی ایک بڑی تعداد اس مبینہ پابندی پر خوشی کا اظہار کر رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی فنکار بھارتی مواقع حاصل کرنے کے لیے اپنی عزت نفس داو پر لگا دیتے ہیں، اور ہانیہ عامر نے بھی کچھ ایسا ہی کیا۔
ایک صارف نے لکھا: افسوس! پہلگام واقعے پر ان کی مذمت بھی کام نہ آئی۔
ایک اور صارف نے طنزیہ انداز میں کہا: بولی وڈ سے متاثر انسٹاگرام ریلز بنانے کا کیا فائدہ ہوا؟