
تمام میتوں کو آبائی علاقوں میں نماز جنازہ کے بعد سپرد خاک کردیا گیا، نمازجنازہ میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
بہاولپور میں مرنے والوں کے پیاروں نے میتیں دیکھ کر علاقے میں کہرام برپا کر دیا، مقتولین کے گھروں پر رقت آمیز مناظر دیکھے گئے، اہلخانہ غم سے نڈھال تھے۔
ایران میں قتل کیے گئے 8 پاکستانیوں کی میتیں خصوصی طیارے سے بہاولپور ایئرپورٹ پہنچا دی گئی ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ایران کے سرحدی صوبے سیستان کے علاقے مہرستان میں قتل کیے گئے 8 پاکستانیوں کی لاشوں کو ضروری کارروائی کے بعد آج پاکستان کے حوالے کیا گیا ہے۔
پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو کے مطابق بہاولپور کے 8 محنت کش پاکستانی ایران کے شہر مہرستان میں قتل ہوئے، جن میں محمد عامر، محمد دلشاد، محمد ناصر، ملک جمشید، محمد دانش، محمد نعیم، غلام جعفر اور محمد خالد شامل ہیں۔
میتوں کو بہاولپور ایئرپورٹ سے ایمبولینسز کے ذریعے انکے آبائی علاقوں کو روانہ کردیا گیا، دہشتگردی کا شکار بننے والے افراد موٹر مکینک تھے اور یہ ایران کے صوبے سیستان کی ایک ورکشاپ میں کام کرتے تھے۔
واضح رہے کہ ایران کے علاقے سیستان میں 12 اپریل کو قتل کیے گئے مزدوروں کا تعلق بہالپور کے نواحی علاقےخانقاہ شریف اور احمد پور شرقیہ سے تھا۔