google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 پورے شوگر سیکٹر کو ڈی ریگولیٹ کرنے پر غور - UrduLead
جمعہ , اپریل 18 2025

پورے شوگر سیکٹر کو ڈی ریگولیٹ کرنے پر غور

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ملک میں چینی کی قیمتوں میں بے جا اضافے اور تنازعات سے بچنے کے لیے پورے شوگر سیکٹر کو ڈی ریگولیٹ کرنے کے امکان پر غور کیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق 7 اپریل 2025 کو وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہونے والے ای سی سی اجلاس میں چینی سے متعلق مختلف امور، جیسے کہ گنا، فصلوں کے لیے زوننگ، ذخیرہ اندوزی اور چینی کی درآمد و برآمد پر بات چیت ہوئی۔

اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ چینی کے شعبے کے لیے جزوی اقدامات کی بجائے مکمل ڈی ریگولیشن پر غور کیا جانا چاہیے، کیونکہ جزوی اقدامات الٹا نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔

ای سی سی نے اس بات پر بھی غور کیا کہ ڈی ریگولیشن سے مقامی سطح پر چینی کی ذخیرہ اندوزی، طلب و رسد پر کیا اثرات مرتب ہوں گے۔ اس سلسلے میں وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق سے کہا گیا ہے کہ وہ گندم کے لیے اپنائے گئے ماڈل کی طرز پر شوگر سیکٹر کی مکمل ویلیو چین کا تجزیہ پیش کرے۔

اجلاس کے بعد ای سی سی نے وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق کو ہدایت کی کہ وہ چینی کے شعبے کا جامع تجزیہ پیش کرے تاکہ اس کی مکمل ڈی ریگولیشن پر پالیسی فیصلہ کیا جا سکے۔

دوسری جانب، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سفید کرسٹلائن چینی کی کم از کم ایکس مل قیمت یکم اپریل 2025 سے سیلز ٹیکس کے تخمینے کے لیے مقرر کر دی ہے۔ اس حوالے سے ایف بی آر نے ایس آر او 577(I)/2025 جاری کیا ہے، جس کے مطابق سفید چینی کی کم از کم قیمت تقریباً 153 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔

یہ نیا ایس آر او 577(I)/2025، سابقہ نوٹیفکیشن ایس آر او 1027(I)/2021 کی جگہ لے گا، جو 16 اگست 2021 کو جاری کیا گیا تھا اور اس میں چینی کی ایکس مل قیمت 72.22 روپے فی کلو مقرر کی گئی تھی۔

نئے نوٹیفکیشن کے مطابق، چینی کی کم از کم قیمت کا تعین پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کی ویب سائٹ پر حساس قیمت اشاریہ (ایس پی آئی) کے تحت شائع ہونے والی قومی اوسط خوردہ قیمت کی بنیاد پر کیا جائے گا، جس میں ہر ماہ کی پہلی اور سولہ تاریخ سے قبل شائع شدہ قیمت سے 16 روپے کم کیے جائیں گے تاکہ ایکس مل قیمت نکالی جا سکے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

پولیس نےعمران خان سے ملنے والے رہنماؤں اور بہنوں کو حراست میں لینے کے کچھ دیر بعد چھوڑ دیا

راولپنڈی پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان سے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے