وزیرخزانہ نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا: وزارت خزانہ

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی کو آگاہ کیا ہے کہ آئندہ مالی سال میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔
اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیرصدارت قومی اسمبلی اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی میں تحریری جواب جمع کروایا،
جس میں کہا گیا ہے کہ آئندہ مالی سال میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔
وزیر خزانہ نے تحریر جواب میں کہا ہے کہ ملازمین کے الاونسز اور پے اسکیل پر نظرثانی کی تجویز بھی نہیں ہے جبکہ وفاقی سرکاری ملازمین کی پنشن میں بھی اضافے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ملازمین کے لیے ہائرنگ اور سیلنگ کی حد بڑھانے کا معاملہ زیر غور ہے۔
دریں اثنا، وزیر خزانہ نے گزشتہ 5 سال کے دوران غیر ملکی قرضوں اور واجبات کی تفصیلات بھی ایوان میں پیش کردیں۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ جون 2023 تک پاکستان کے غیر ملکی قرضوں اور واجبات کی کل رقم 126 ارب 14 کروڑ ڈالرز تھی، یہ غیر ملکی قرضہ جی ڈی پی کا 43.03 فیصد ہے۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ مالی سال 2024 میں پاکستان نے 11 ارب 47 کروڑ 50 لاکھ ڈالر غیر ملکی قرضہ واپس کیا۔
دریں اثنا، وزیر خزانہ نے قومی اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ حکومت آئی ٹی اور زراعت کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے پُرعزم ہے جبکہ جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹائزیشن کے ذریعے ٹیکس نظام کو مؤثر بنارہے ہیں۔
وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت کی بہتری کے لیے اقدامات کررہے ہیں، نیا آسان ٹیکس ریٹرن نظام ستمبر میں نافذ کردیا جائے گا، حکومت ایفی نیٹی جیسے کاروباری اداروں کی مکمل معاونت جاری رکھے گی۔
وزارت خزانہ وضاحت
وزارت خزانہ کی جانب سے وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کے حوالے سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کی کسی تجویز کے فی الوقت زیر غور نہ ہونے کے مبینہ اعلان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وزیرخزانہ نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا۔
وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی کے فلور پر خطاب کرتے ہوئے ایسا کوئی اعلان نہیں کیا اور نہ ہی بیان دیا ہے، اس حوالے سے ان سے منسوب نشر کی جانے والے خبریں حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔
وزارت خزانہ نے اپنی وضاحت میں کہا ہے کہ وزیر خزانہ کے خطاب میں سرکاری ملازمین کے پے اسکیلز پر نظر ثانی یا ان کی تنخواہوں کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی گئی۔
وزارت خزانہ نے تحریری طور پر ایک معزز رکن اسمبلی کی جانب سے سوال اٹھائے جانے پر معزز ایوان کو صورت حال سے آگاہ کیا۔
وزارت خزانہ نے ایوان کو آگاہ کیا کہ فی الوقت اگلے مالی سال کے لیے وفاقی حکومت کے ملازمین کے پے اسکیلز پر نظرثانی اور ان کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں خاطر خواہ اضافے کی تجویز زیر غور نہیں ہے۔