google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 یوٹیلیٹی اسٹورز کےاثاثے اور پراپرٹی حکومتی تحویل میں لینے کی تیاری - UrduLead
جمعرات , مارچ 13 2025

یوٹیلیٹی اسٹورز کےاثاثے اور پراپرٹی حکومتی تحویل میں لینے کی تیاری

وفاقی حکومت کی جانب سے سبسڈی روکنے کے بعد یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے آپریشنز بند کرکے اثاثے اور پراپرٹی حکومت کی حفاظتی تحویل میں لینےکی تیاری کرلی گئی۔

وفاقی کابینہ نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے آپریشنز بند کرنے کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دے دی، کمیٹی کارپوریشن کے آپریشنز فوری بند کرنے کے لیے طریقہ کار کا تعین کرے گی۔

حکومتی ذرائع نے بتایا کہ وفاقی وزیر صنعت و پیداوار 7 رکنی کمیٹی کےسربراہ ہوں گے، وزیر مملکت خزانہ و ریونیو، وزیر مملکت آئی ٹی، وفاقی سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری صنعت و پیداوار، سیکریٹری نجکاری اور سیکریٹری بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کو کمیٹی ارکان میں شامل کیا گیا ہے۔

وفاقی کابینہ نے کمیٹی کے لیے ٹی او آرز بھی طے کر دیے ہیں، کمیٹی یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے آپریشنز فوری بند کرنے کے لیے طریقہ کار کا تعین کرے گی، کمیٹی کارپوریشن کی پراپرٹی، اثاثوں کی حفاظت اور مینٹیننس کے لیے انتظامات کا تعین کرے گی، کمیٹی کارپوریشن کے ملازمین کو سرپلس پول میں شامل یا دیگر حکومتی اداروں کی اسامیوں میں ضم کرنے کا جائزہ لے گی۔

کمیٹی کی جانب سے رمضان پیکیج کی فراہمی کے لیے بی آئی ایس پی کے ساتھ کو آرڈینیشن سے متعلق حکمت عملی تیار کی جائے گی۔

اعلیٰ سطح کی اس کمیٹی کے لیے وزارت صنعت و پیداوار سیکریٹریل سپورٹ فراہم کرے گی، کمیٹی7 روز کے اندر اپنی رپورٹ وفاقی کابینہ کوپیش کرے گی۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ آپریشنز بند ہونے کی صورت میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن سیل اور پرچیز نہیں کر سکے گا۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے اگست 2024 میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کو وزیر اعظم ریلیف پیکیج کےتحت فراہم کی جانے والی سبسڈی روک دی تھی۔

یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کا نام نجکاری پروگرام میں شامل ہے، موجودہ حکومت نے گزشتہ سال 5 سالہ نجکاری پروگرام کی فہرست میں یوٹیلیٹی اسٹورز کا نام شامل کیا تھا۔

About Aftab Ahmed

Check Also

عمرایوب اورعلیمہ خان بھی جےآئی ٹی میں طلب

سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈے کے الزام میں جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) …