سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا کی جانب سے حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے درمیان مذاکرات کی باضابطہ تصدیق کی گئی تھی، جس کے کچھ دیر بعد ہی چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے آج سے مذاکرات شروع ہونے کی تردید کردی۔
صاحبزادہ حامد رضا نے حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کی باضابطہ تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا باضابطہ آغاز آج ہو گا جبکہ پی ٹی آئی کی 5 رکنی کمیٹی حکومتی کمیٹی سے مذاکرات کرے گی۔
حامد رضا نے مزید کہا تھا کہ مذاکراتی کمیٹی کا حصہ ہوں، کمیٹی کی کارروائی کو خفیہ رکھنا میری امانت ہے۔
بعدازاں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے ترید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان آج سے مذاکرات شروع نہیں ہورہے ہیں، ہم کوشش کررہے ہیں کہ مذاکرات شروع ہوں، حکومت نے مذاکرات کے لیے کوئی رابطہ نہیں کیا۔
واضح رہے حالیہ چند ماہ کے دوران متعدد مرتبہ حکومت اور پی ٹی آئی کے مابین کئی سیاسی معاملات پر مذاکرات کی خبریں زیر گردش تھیں لیکن اسی نے اس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی تھی۔