ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 3 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان ( ایس بی پی ) کی جانب سے جاری ہفتہ وار اعدادو شمار کے مطابق ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 3 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں اور مجموعی ڈالر ذخائر کی مالیت 16 ارب 62 کروڑ ڈالر ہوگئی ہے۔
مرکزی بینک کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک ( اے ڈی بی ) سے 50 کروڑ ڈالر قرض ملنے سے زرمبادلہ ذخائر بڑھے۔
اعدادو شمار کے مطابق پاکستان کے ڈالر ریزرو تقریبا تین ماہ کی درآمدات کے برابر ہوگئے ہیں
ملکی ڈالر ریزرو تین ماہ کی درآمدات کے برابر کرنا آئی ایم ایف کی شرط ہے اور اس طرح آئی ایم ایف کی ایک اور شرط بھی پوری ہوگئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کے ڈالر ذخائر 62 کروڑ ڈالر اضافے سے 12 ارب 4 کروڑ ڈالر ہو گئے ہیں جبکہ بینکوں کے ڈالر ڈیپازٹس 7 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کمی سے 4 ارب 58 کروڑ 20 لاکھ ڈالر رہ گئے۔